نئی دہلی5جون (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) پاکستان کی طرف سے گزشتہ کچھ دنوں سے سرحد پر کی جارہی جنگ بندی کی خلاف وزی کے واقعات کے درمیان سلامتی دستوں ا ور پاکستان رینجرس نے امن بحالی کے اقدامات پر آج بات چیت کی۔جموں میں واقع بارڈر سیکورٹی فورس کی آکٹرائے چوکی پر دونوں ممالک کے سرحدی محافظین کے مابین شام ساڑھے پانچ بجے سیکٹر کمانڈر سطح کی بات چیت ہوئی جس میں سرحد پر امن اور دوستانہ ماحول قائم رکھنے کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقوں نے امیدظاہر کی کہ خوشگوار ماحول میں ہوئی اس بات چیت سے سرحد پر فائرنگ سے پاک اور جنگ بندی کی خلاف ورزی سے پاک حالت بنانے میں مدد ملے گی جس سے دونوں طرف سے سرحدی علاقوں میں رہنے والے مقامی لوگوں کی پریشانیاں کم ہوں گی۔دونوں دستوں کے کمانڈروں کے مابین اتفاق رائے ہوا کہ وہ اعتماد بڑھانے کے لئے ہر سطح پر بات چیت جاری رکھیں گے اور سیکٹر کمانڈر سطح کی اگلی بات چیت 21جون کو ہوگی۔خیال رہے کہ ہندستان اور پاکستان کے فوجی آپریشن ڈائرکٹر جنرلوں کی بات چیت میں گزشتہ 29مئی کو 2003کے جنگ بندی معاہدہ کو نافذ پر اتفاق رائے ہوا تھا لیکن پاکستان اس اتفاق رائے کو درکنار کرکے گزشتہ کچھ دنوں سے زبردست فائرنگ کررہا ہے۔ اس فائرنگ میں بی ایس ایف کے دو جوان شہید ہوچکے ہیں اور سرحدی رہائشی علاقوں میں بھی کافی نقصان ہواہے۔