مظفر پور،24/ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مظفر پور میں منگل کو وزیر اعلی نتیش کمار کی گاڑی پر سیاہی پھینکی گئی اور انہیں سیاہ پرچم دکھائے گئے۔مظفر پور میں وزیر اعلی نتیش کمار کی شدید مخالفت ہوئی۔غریب جن کرانتی پارٹی کے کارکنوں نے نتیش کمار کی گاڑی پر سیاہی پھینک دی اور سیاہ پرچم دکھائے۔ساتھ ہی جم کر نعرے بازی بھی کی۔اس معاملے میں پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ غریب جنکرانتی پارٹی کے قومی ترجمان اوما شنکر یادو اور ریاستی صدر انکت کمار کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔وزیر اعلی ایم کے ایم سی ایچ میں پی اے سی یو اور دیگر منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے لئے مظفر پور پہنچے۔وزیر اعلی نتیش کمار مظفر پور کے جھپہاں میں کرشن نندن سہائے کی مورتی کی نقاب کشائی بھی کریں گے۔سہائے پٹنہ کے مقبول میئر تھے۔ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ سات بار پٹنہ کے میئر منتخب ہوئے۔