ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار میں ویکسین کا ڈرائی رن کا آغاز، متاثرین کی تعداد2لاکھ 53ہزار،1400لقمہ اجل

بہار میں ویکسین کا ڈرائی رن کا آغاز، متاثرین کی تعداد2لاکھ 53ہزار،1400لقمہ اجل

Sun, 03 Jan 2021 12:23:22    S.O. News Service

پٹنہ،3؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) عالمی وباکوروناپرقابوپانے کے لیے ویکسین لوگوں تک پہنچانے کے لیے ریاستی حکومت سرگرم عمل ہے۔ اس تناظر میں راجدھانی پٹنہ سمیت بہار کے دو دیگر اضلاع جموئی اور مغربی چمپارن میں ویکسین ٹرائل کا آج آغازہوگیا۔ راجدھانی پٹنہ کے تین مراکز پر کورونا ویکسین کا ڈیمو ڈرائی رن چالو کردیا گیا ہے۔ مقامی شاستری نگر شہری حلقہ طبی مرکز ، پھلواری شریف پی ایچ سی اور دانا پور سب ڈویزنل ہاسپیٹل میں ایک ساتھ ڈیمو کیا گیا۔

ریاستی وزیر صحت منگل پانڈے نے پھلواری شریف مرکز پر پہنچے اور وہاں انہوں نے ڈرائی رن کے بارے میں واقفیت حاصل کی۔ منگل پانڈے نے کہا کہ آج سے ویکسین کا ڈیمو ڈرائی رن شروع ہوگیا ہے۔ محکمہ صحت نے اپنی طرف سے پوری تیاریاں کرلیں ہیں۔ کورونا ویکسین کا ڈیمو سب سے پہلے طبی عملوں کو دیا جارہا ہے۔ ڈیمو ہو جانے کے بعد ان کے موبائل پر پیغام بھی ارسال کیا گیا جس میں انہیں مبارک باد کا پیغام دیا جارہا ہے۔ وزیر صحت نے خود سبھی طرح کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین لگنے کے بعد طبی عملوں کو آدھے گھنٹے تک سخت نگاہ داشت میں رکھا جارہا ہے۔ اس کے بعد ہی انہیں ڈسچارج کیا جارہا ہے۔ وزیر صحت کے ساتھ پٹنہ سول سرجن ڈاکٹر ویبھا کماری بھی موجود رہیں۔ ڈرائی رن میں بس ٹیکہ ہی نہیں تمام لوگوں کیلئے اس وبائی مرض پر قابو پانے کیلئے پورے طر ح کے حفاظتی اقدامات کئیجارہے ہیں۔

محکمہ صحت کے افسران اس کی پوری نگرانی کررہے ہیں کہ کسی بھی طرح کی کمی ہونے پر اسے درست کیا جائے۔ ہر ایک مرکز پر ایک ٹیم ہوگی ، محکمہ سے منسلک لوگوں کا کہنا ہے کہ تمام مراکز میں طبی عملوں کو ایس ایم ایس بھیج کر اگلے دن ٹیکہ لگانے کی اطلاع دی جائے گی۔دوسری طرف دانا سب ڈویژنل ہاسپٹیل میں بھی ویکسین کا ڈرائی رن شروع ہوگیا۔ محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری پرتیہ امرت کی موجودگی میں تمام طرح کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

وہیں انہوں نے کورونا ویکسین کے رکھ رکھائو کی جگہ کا بھی جائزہ لیا۔بہار میں آج مزید 253کورونا متاثرین پائے گئے۔ اس طرح کورونا متاثرین کی تعداد 2لاکھ 53ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک ریاست میں اس مہلک موذی مرض کی زدمیں آنے سے 1400لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ بہار میں ریکوری ریٹ 97فیصدکے آس پاس ہے۔ ویکسین آجانے کے بعد لوگوں میں خوشی کی لہر ہے یہ ویکسین مفت میں تمام باشندگان بہار تک پہنچائی جائے گی۔


Share: