بھٹکل:7/مئی (ایس اؤنیوز)سنیچر کی رات گرجدار بجلیوں اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ برسی بارش کے نتیجےمیں جہاں درخت اور کھمبے زمین سے چمٹ گئے وہیں تعلقہ میں 7گھروں کو نقصان پہنچنےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تعلقہ کے ماوین کوروے ، ہیبلے ، بائیلور، یلووڑی کوؤور ، منڈلی ، مٹھلی کے علاقوں میں گھروں کی چھتوں پر درخت گرنے سے مکانوں کو نقصان پہنچا تو وہیں حنیف آباد میں ایک مکان میں طوفانی ہوائوں میں چھت کے کھپریل ہی اُڑگئے۔ متعدد مکانوں میں پانی گھروں کے اندر گھسنے سے رات بھر عوام بیدار رہنے پر مجبور ہوئے ۔ اتوار کی چھٹی گھروں کی مرمت کی نذر ہوگئی ۔ بعض مقاما ت پر بڑے بڑے درخت گرنےسے سواریوں کی نقل وحمل بھی متاثر ہوئی ہے،
ہیسکام آفسران کے مطابق تعلقہ میں 10سے زائد بجلی کھمبے اور بجلی کے تار ٹکڑے ٹکڑے ہوکرگرنے سے مرمت کرنے میں کافی وقت صرف ہوا بتایا گیا ہے کہ کھمبے گرنے سے نقصان کا اندازہ 1لاکھ روپیوں سے زائد ہے ۔
کچھ ہی منٹوں کے لئے اُڑنے والی طوفانی ہوائوں میں پورے بھٹکل میں بجلی سپلائی چوبیس گھنٹوں تک کے لئے بند ہوگئی۔ سنیچر کی شام سے اتوار کی شام تک کل 24گھنٹے بجلی غائب ہونے سے عوام پریشان رہے تو تقریباً دکانوں اور دفاتر میں کام کاج بند رہا۔ بارش رُکتے ہی گرمی پھر شدید ہوگئی ، ایسے میں بجلی نہ ہونے سے لوگ راتوں کو ٹھیک طرح سے سونہ پائے، ایسے میں شہر میں مچھروں کی بھرمار سے بھی لوگ پریشان رہے۔ کئی مکانوں میں شادی کے پروگرام چل رہے تھے، بتایا گیا ہے کہ کئی مکانوں سے شامیانے اُڑ گئے۔
بارش سے ہوئے نقصانات کے متعلق جانکاری دیتے ہوئے مقامی تحصیلدار وی این باڈ کرنے بتایا کہ جن گھروں کو نقصان پہنچا ہے وہاں پنچ نامہ کرکے ان کو معاوضہ تقسیم کیا جائے گا۔ اتوار کی رات بھی آسمان پر بادل چھائے ہوئے تھے اور بارش کے آثار نظر آرہے تھے۔