بھٹکل:یکم اگست(ایس او نیوز)بھٹکل تعلقہ جالی پٹن پنچایت کے منتخب 5ممبران پر الیکشن کمیشن کا پھندہ لٹکتا نظر آرہاہے،ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 2016کے عام انتخابات کے دوران الیکشن کے متعلق پانچ امیدواروں نے اپنے انتخابی اخراجات کی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے، جس کی وجہ سے کمیشن نے انہیں نوٹس جاری کیا ہے۔
سرکاری ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پنچایت کے ممبران ممتاز بیگم شیخ، محمد عمران احمد سعید، فرحانہ محمد ارشاد ائیکری ، فاطمہ محبوبہ شیخ اور شہناز بیگم مومن کو کمیشن کی طرف سے نوٹس جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کرناٹکا میونسپالٹی قانون 1964دفعہ 16بی اور 16سی کے تحت نتائج کا اعلان ہونے کے 30دنوں کے اندر اپنے انتخابی اخراجات کی تفصیل دینے میں آپ ناکام ہوئے ہیں، نوٹس میں پوچھا گیا ہے کہ دفعہ 16سی کے تحت کیوں نہ اُنہیں نااہل قرار دیا جائے ۔ ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ نوٹس کا 20دنوں کے اندر جواب دینا ہے ، اگرمتعلقہ ممبران مقررہ مدت کے اندر جواب نہیں دیتے ہیں تو اگلی کاروائی کی جائے گی۔