بھٹکل،8؍اکتوبر (ایس او نیوز) کستوربا اسپتال منی پال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اویناش شیٹی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ’منی پال آروگیہ کارڈ 2020‘ کے لئے رکنیت کا نیا رجسٹریشن شروع ہوگیا ہے جس کی آخری تاریخ 31اکتوبر ہوگی۔
ڈاکٹر اویناش نے بتایا کہ کے ایم سی کی طرف سے گزشتہ 20برسوں سے عوام کوکفایتی چارجس پر عمدہ طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔اپنی خدمات کے 20سال پورے ہونے پر منی پال آروگیہ کارڈ بنانے کے طریقے کو بہت ہی آسان کردیا گیا ہے۔ اب کارڈ کی رکنیت حاصل کرنے والے کو ایک پرنٹیڈ اسمارٹ کارڈ فراہم کیا جائے گا جسے جیب میں رکھا جاسکے گا۔
کارڈ کے تحت دستیاب سہولتوں کے تعلق سے انہوں نے بتایا کہ یہ کارڈ ایک سال اور دو سال کی میعاد کے لئے جاری کیا جاتا ہے۔امسال جو کارڈ جاری ہونے والا ہے اس میں ’دُرگا سنجیونی منی پال ‘ کٹیل کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔اب منی پال آروگیہ کارڈ رکھنے والوں کو منی پال ، اڈپی، کارکلا ، منگلورو، گوا اور کٹیل کے اسپتال میں میڈیکل اور ڈینٹل معاملات کے لئے رعایتی داموں پر خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس اسکیم میں انفرادی کارڈ اور فیملی کارڈ بنانے کی سہولت ہے۔ ایک فرد کے کارڈ کی قیمت 250 روپے ہے، جبکہ فیملی کے لئے 500روپے ہے۔ فیملی کارڈ میں میاں ، بیوی اور 25سال سے کم عمر والے ان کے جتنے بھی بچے ہونگے ان کو شامل رکھا جائے گا۔تیسری قسم فیملی پلس کارڈ کی ہے جس کی قیمت 650 روپے ہے، اور اس میں میاں بیوی اور ان کے 25سال سے کم عمر کے غیرشادی شدہ جتنے بھی بچے ہوں اور بشمول ساس سسر کے 4 والدین کو علاج کے اخراجات میں رعایت دی جائے گی۔ اور اگر یہی کارڈ دو سال کی مدت کے لئے درکار ہوں تو انفرادی کارڈ 400 روپے، فیملی کارڈ 700 روپے اور فیملی پلس کارڈ 850 روپے کے حساب سےبنوائے جائیں گے۔آروگیہ کارڈ کو پلان کے اعتبار سے ایک سال یا دو سال میں جتنی مرتبہ بھی چاہے استعمال کیا جاسکے گا۔
آروگیہ کارڈ اسکیم والے مریض کو کستوربا ہاسپٹل منی پال میں مندرجہ ذیل رعایتیں دی جائیں گی:
1۔ اسپیشلسٹ اور سوپر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی معانہ فیس میں %50 رعایت
2۔ ڈائگناسکٹ اور لیباریٹری چارجس میں %30 رعایت
3۔ اسپتال میں داخل مریض کے لئے جنرل وارڈ میں کنزیومیبل آ ئٹمس کو چھوڑ کر باقی بل پر %25 رعایت
4۔ ریڈیولوجی جانچ کے بل میں 20%رعایت
5۔ او پی ڈی میں کیے گیے پروسیجرس اور ’ڈایابیٹک فوٹ کیئر‘ کے لئے %20 رعایت
6۔ ہاسپٹل کی فارمیسی سے خریدی گئی ادویات پر %12 رعایت
ڈاکٹر اویناش شیٹی نے بتایا کہ کارڈ بنوانے کے لئے بھٹکل میں مندرجہ ذیل افراد سے رجوع کیا جاسکتا ہے: ’سینٹ میلاگریس سوہاردا ‘ بھٹکل 9538894590، شاخ مرڈیشور 953820303، شیرالی شاخ 8277099156، گوری شنکر موگیر 8722540496، رادھا کرشنا بھٹ 9448221117 اور یوراج 9964888755
پریس کانفرنس کے دوران سینئر منیجر کے سچن کارنتھ، ڈپٹی منیجر موہن شیٹی، اسسٹنٹ منیجر کرشنا پرساد اور مارکیٹنگ ایکزیکٹیو راجیندرا نائک موجود تھے۔