بھٹکل 28 جولائی (ایس او نیوز)ضلع شمالی کینراکے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے دفتر سے جاری کی گئی اطلاع کے مطابق 31جولائی اور یکم اگست کو ضلع میں منعقد ہونے والی بقرعید کے موقع پر قربانی کے لئے غیر قانونی طور پر جانوروں کی رفت روکنے کے لئے ضلع بھر میں 21مقامات پر چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں۔
مقامی کنڑا اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان چیک پوسٹس پر 24x7نگرانی کی جائے گی جس کے لئے مناسب تعداد میں عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔اب تک ان چیک پوسٹس پر غیر قانونی طور پر گائیں اور گائے کا گوشت سپلائی کیے جانے کے 21معاملات پکڑے گئے ہیں اور 56 افراد کے خلاف کیس درج کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ گائے کی اسمگلنگ کے لئے استعمال کی گئی گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بقر عید کے موقع پر کسی قسم کے ناخوشگوار واقعات کو روکنے کی غرض سے احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں اور271معاملات درج کرکے ماضی میں ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 554لوگوں سے امن بنائے رکھنے کے لئے نانڈز لیے گئے ہیں۔ ضلع کے عوام کو پولیس کی طرف سے یقین دلایا گیا ہے کہ بقر عید کو پرامن طریقے سے منانے اور جانوروں کی غیر قانونی اسمگلنگ روکنے کی سمت میں سخت اقدامات اور بندوبست کیا گیا ہے۔