بھٹکل :12؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز) بھٹکل کےشہری حدود سے گزرنے والی قومی شاہراہ کے درمیان میں کہیں بھی فلائی اووراور سرویس روڈکے بغیر قومی شاہراہ 66کی تعمیر کئے جانے پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے کِرِیا شیل گلئیرا بلگا کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم سونپتے ہوئے کہا گیا ہےکہ غیر سائنٹفک تعمیرات سے سواریوں اور عوام کی زندگی کو خطرہ درپیش ہے اس لئے فوری طورپر اقدامات کئےجائیں۔
میمورنڈم میں تحریر کیاگیا ہےکہ اترکنڑا ضلع کے بھٹکل شہری حدود میں سب سے زیادہ آبادی پائی جاتی ہے اور ضلع میں سب سے زیادہ سواریاں بھی بھٹکل میں ہیں، قومی شاہراہ پرباہرکی سواریوں کے علاوہ مقامی سواریوں کی آمدورفت سے ٹرافک کے لئے کافی مسائل پیدا ہورہےہیں اور روزانہ حادثات کا ہونا عام بات ہوتی جارہی ہے۔ اس دوران قومی شاہ راہ کی توسیع کا تعمیری کام جاری ہے جس سے بھٹکل شہری حدود کے عوام کی زندگی کو خطرہ درپیش ہے۔ بھٹکل شہری حدود سے باہر کی قومی شاہراہ پر ہرجگہ سواریوں اور عوام کو سہولت فراہم کرتےہوئے سبھی حفاظتی اقدامات کئےگئےہیں اور جہاں جہاں ضرورت ہے وہاں فلائی اوور اور سرویس روڈ کی تعمیر بھی کی گئی ہے۔ لیکن اتنی گنجان آبادی اور بے شمار سواریوں کی موجودگی والے بھٹکل کے شہری حدود میں کسی طرح کی کوئی سہولت فراہم نہ کرتےہوئے صرف 35میٹر کی وسعت سے قومی شاہراہ کی تعمیر کو دیکھیں تو آئندہ دنوں میں حادثات کی تعداد میں اضافہ کو کوئی روک نہیں سکتا۔ عوامی حفاظت کو قربان کرکے بھٹکل کے شہری حدود میں اتنی تنگ قومی شاہراہ کی تعمیر پر عوام سوال کررہےہیں کہ آخر اس کے پیچھےکیا مقاصد کارفرما ہیں۔ اگر تنگ قومی شاہراہ کی تعمیر ہوتی ہے تو مستقبل میں پیش آنے والے خطرات کا کون ذمہ دار ہوگا۔
گلئیرا بلگا کی طرف سے مطالبہ کیاگیا ہےکہ فوری طور پر متعلقہ محکمہ کے افسران اس طرف توجہ دیں اور ضروری اقدامات کریں۔ اگر ہماری مانگوں پر توجہ نہیں دی گئی تو بھٹکل کے سبھی اداروں کے ساتھ متحدہ طورپر بہت بڑےپیمانےپر احتجاج کیاجائےگا اور جو بھی حادثے ہونگے اس کے لئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی ذمہ دار ہوں گے۔ اس موقع پر گلئیرا بلگا کے جنرل سکریٹری شری کانت نائک سمیت دیگر عہدیداران اور ممبران موجود تھے۔