ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: جالی پٹن پنچایت میں کچرا نکاسی انتظام بن گیا ہے دردِ سر

بھٹکل: جالی پٹن پنچایت میں کچرا نکاسی انتظام بن گیا ہے دردِ سر

Sat, 13 Mar 2021 20:18:34    S.O. News Service

بھٹکل 13/ مارچ (ایس او نیوز) جالی پٹن پنچایت علاقے میں آبادی کے ساتھ ساتھ روازنہ نکلنے والے کچرے کی مقدار بھی بڑھتی جارہی ہے اور اس کچرے کی نکاسی کا مناسب انتظام کرنا پنچایت کے لئے بڑا دردِ سر بن گیا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے کچرا نکاسی مرکز تعمیر کرنے کے لئے سرکار کی طرف سے وینکٹاپور سروے نمبر 87A میں ایک ایکڑ20 گُنٹہ جنگلاتی زمین منظور کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ 4.58 کروڑ روپے بجٹ بھی منظور ہوگیا تھا۔ لیکن متعلقہ مقام کے رہائشی افراد نے کچرا نکاسی مرکز ان کے علاقے میں قائم کرنے پر سخت اعتراض جتایا اور احتجاج کیا تو وہاں پر تعمیری کام روک دیا گیا۔

اس دوران جالی پٹن پنچایت والے ساگر روڈ پر واقع بھٹکل ٹی ایم سی کے کچرا نکاسی مرکز پر اپنا کچرا جمع کروانے لگے۔ جالی پٹن پنچایت علاقے سے  روزانہ 4 ٹن کے قریب کچرا یہاں پھینکے جانے پر ٹی ایم سی کاونسلرس اور افسران نے سخت اعتراض جتایا اور کئی مرتبہ تو تو میں میں کی بھی نوبت آ گئی۔ ابھی حال ہی میں ٹرانسفر ہونے والے ڈی سی ڈاکٹر ہریش کمار نے بھٹکل پہنچ کر اس معاملے میں مداخلت کی تھی اور ٹی ایم سی کے ساتھ  بات چیت کرکے جالی پٹن پنچایت والوں کو کچھ عرصہ کے لئے راحت دلائی تھی۔ مگر یہ مسئلہ ابھی تک سلجھ نہیں پایا ہے۔

سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق کچرا نکاسی منصوبہ کے لئے کم از کم 4 ایکڑ زمین کی ضرورت ہے۔ جالی پٹن پنچایت کے چیف آفیسر اجئے کے مطابق پٹن پنچایت کے حدود میں بڑھتی آبادی سے کچرے کا مسئلہ درد سر بن گیا ہے۔ فی الحال کچرا نکاسی مرکز کی  تعمیر کرنے کے لئے دو نئے مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر کو تجویز روانہ کی گئی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے ان مقامات کے لئے منظوری ملتی بھی ہے یا نہیں اور اگر منظوری مل جاتی ہے تو مقامی لوگوں کی کہیں نئی رکاوٹ تو کھڑی نہیں ہوگی ۔


Share: