ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل :ریاست گیر میڈیکل اسوسی ایشن کا بند کامیاب :شہر کے تمام پرائیویٹ اسپتال اور کلینک بند :سرکاری اسپتال میں معمول سے زیادہ ہل چل

بھٹکل :ریاست گیر میڈیکل اسوسی ایشن کا بند کامیاب :شہر کے تمام پرائیویٹ اسپتال اور کلینک بند :سرکاری اسپتال میں معمول سے زیادہ ہل چل

Fri, 03 Nov 2017 21:21:37    S.O. News Service

بھٹکل:3/ نومبر (ایس اؤنیوز)پرائیویٹ اسپتالوں میں نرخ طئے کرنے اور ڈاکٹروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے والے مجوزہ ریاستی حکومت کے میڈیکل بل میں کی جانے والی ترمیمات کو لے کر پرائیویٹ ڈاکٹرس اسوسی ایشن کی طرف سے اعلان کئے گئے ریاست گیر خانگی اسپتالوں اور کلینک کے 24گھنٹوں کا بند بھٹکل میں مکمل کامیاب رہا اور اسوسی ایشن کی حمایت میں بھٹکل کے تمام پرائیویٹ اسپتال اور کلینک بند رہے۔ جب کہ ضلع اترکنڑا سمیت ریاست کے 40ہزار سے زائد خانگی اسپتال اور کلینک میں کسی بھی مریض کا کوئی علاج نہیں ہوا۔

خانگی اسپتالوں اور کلینک بند رہنے سےعمارتوں پر سناٹے کا سایہ رہا،کچھ مریض اسپتال پہنچنے کے بعد بند دیکھتے ہی مجبوری میں کچھ لوگ سرکاری اسپتال کا رخ کرتے نظر آئے۔دوسر ی طرف تعلقہ کے سرکاری اسپتال میں معمول سے کچھ زیادہ ہل چل نظر آئی ۔ اسپتال کے تمام ڈاکٹرس اور عملہ ڈیوٹی پر تھا ۔ اسپتال میں کچھ زیادہ ہی مریض نظر آئے۔

خیال رہے کہ ریاستی حکومت کے ایم پی ای ایکٹ -2007میں پرائیویٹ اسپتالوں اور کلینک کے نرخوں کو لے کر کچھ اصول و ضوابط طئے کرتے ہوئے میڈیکل بل میں ترمیم کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ جس کے تحت حکومت کی طرف سے طئے کردہ فیس سے زیادہ وصول کرنے پر جرمانہ عائد کرنے اور مریضوں کی تشخیص میں ہونے والی غفلت وغیرہ کو جرم مانتے ہوئے ڈاکٹروں کو کٹہرے میں لانا چاہتی ہے۔اور ضلعی سطح پر ایک نگراں کار کمیٹی کو تشکیل دینا بھی شامل ہے۔ حکومت اس بل کو بیلگام میں ہونے والے سرمائی اجلاس میں منظور کرنے کے درپے ہے۔ موصولہ جانکاری کے مطابق ریاست میں بیماریوں کا علاج ریاست کے 40،000ہزار پرائیویٹ اسپتالوں اور کلینک میں ہوتاہے جس کاتناسب 80فی صد بتایا جاتاہے۔

 


Share: