بھٹکل،4؍جولائی (ایس او نیوز) بلاک کانگریس دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کانگریس کی طرف سے تشکیل دی گئی کورونا واریئرس کمیٹی کی باضابطہ سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا گیا جس کا مقصد کورونا سے متاثرین کے لئے دست تعاون پیش کرنا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک نے کہا کہ ریاست گیر پیمانے پر تشکیل دی گئی کانگریس کورونا واریئرس کمیٹی کے تحت کانگریس کے کارکنان گرام پنچایت سطح پر گھر گھر جا کر کورونا متاثرین کے لئے مختلف امور میں تعاون کریں گے۔ جیسے کہ کورونا سے فوت ہونے والوں کی ڈیتھ سرٹفکیٹس نکلوانا، حکومت کی طرف انہیں ملنے والی امداد اور سہولتیں حاصل کرنے میں تعاون کرنا۔ اس کے علاوہ اس کمیٹی کے کارکنان کی طرف سے کووڈ مرض کے تعلق سے عوام میں بیداری لانے اور ویکسین لینے پر لوگوں کو آمادہ کرنے کی مہم بھی چلائی جائے گی۔ کانگریس کارکنان کو کووڈ متاثرین اور ان کے خاندان والوں سے ضروری معلومات اکٹھا کرنے کے لئے ایک فارم دیا جائے گا جس میں ضروری معلومات پُر کرکے ذمہ داروں تک پہنچانا ہوگا۔ انہوں نے کانگریس کارکنان سے اپیل کی کہ اس مہم میں پوری طرح سرگرمی دکھائیں اور کووڈ متاثرین کو مشکل حالات سے نکالنے میں پارٹی کا تعاون کریں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے سینئر کانگریسی لیڈر راما موگیر نے کہا کہ پارٹی کی طرف سے ایک بہترین پروگرام وضع کیا گیا ہے۔ اس سے کووڈ متاثرین کے مسائل اور مشکلات سے متعلق آگاہی ہونے کے علاوہ ان کے لئے امداد اور تعاون فراہم کرنے میں سہولت ہوگی۔
اجلاس میں ضلع پنچایت سابق صدر جئے لکشمی موگیر، تعلقہ پنچایت سابق صدر ایشور نائک، اقلیتی سیل کے ضلع صدر عبدالمجید شیخ، بیک ورڈ کلاس شعبہ کے صدر مہابلیشور نائک، مہیلا کانگریس صدر جئے لکشمی گونڈا اور دیگر کانگریسی لیڈران موجود تھے۔