بھٹکل 8/مئی (ایس او نیوز) یہاں منڈلی۔ نستار سمندر میں آج بدھ کی شام قریب سات بجے ایک نوجوان کی نعش برآمد ہوئی جس کی شناخت اودے مادیو دیواڑیگا (30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نوجوان مُنڈلی کا رہنے والا تھا۔
سمندر میں نعش برآمد ہونے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل مضافاتی پولس کے اہلکار موقع پر پہنچے اور مقامی لوگوں سے نعش کے تعلق سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔
قریب ایک گھنٹے تک مقامی لوگوں نے اس کو پہنچاننے کی کوشش کی مگر نوجوان کون ہے، کہاں کا رہنے والا ہے، کچھ پتہ نہیں چل پارہا تھا، بعد میں نعش کو سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ، جس کے بعد نعش کی شناخت کی گئی۔
بتایا گیاہے کہ اُودے محنت مزدوری کرتا تھا اور شام کو اکثر دریا کے کنارے آکر سمندری موجوں کا لطف اُٹھاتا تھا، سمجھا جارہا ہے کہ آج بھی سمندری موجوں سے کھیلنے کے دوران اچانک حادثاتی طور پر سمندر میں گرگیا ہوگا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی ہوگی۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔