بھٹکل 27 جون (ایس او نیوز) تعلقہ کے کوٹیشور روڈ پر واقع ڈندینا دُرگا دیوستھان میں چوری کی ناکام کوشش کی گئی ہے اور ناکام لوٹنے سے پہلے چور مندر میں واقع ایک سی سی ٹی وی کیمرا کو توڑ کر فرار ہوگیا ہے۔ واردات اتوار صبح منظر عام پر آئی ہے۔
سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید پوری کاروائی رات کے درمیانی حصہ 1:34 بجے شروع ہوئی ہے، ایک چور مندر کے باہر پہلے اِدھر اُدھر چکر لگاتا ہے، پھر مندر کے پچھلے دروازے پر جاکر اندر ہاتھ ڈالتے ہوئے دروازے کی کُنڈی کو کھول کر اندر جاتا ہے، پھر اندر رکھی ہوئی مندر کی ڈبّی کو توڑنے کی کوشش کرتا ہے، پھر کچھ قدم پیچھے چل کر مندر کے اندر جل رہی لائٹ کو آف کردیتا ہے، پھر دبّی کو نکالنے کی کوشش کرتا ہے، جب ناکام ہوتا ہے تو قریب میں واقع ایک کرسی کی مدد سے ایک سی سی ٹی وی کیمرا کو توڑدیتا ہے اور پھر خالی ہاتھ فرار ہوجاتا ہے۔
کیمرہ میں قید فوٹیج سے پولس کو اندازہ ہے کہ یہ ایک پروفیشنل چور ہے کیونکہ اس کے ہاتھ میں گلوز ہے، پاوں میں جرابیں ہیں، چہرے کو ماسک سے ڈھانپ دیا ہے، جبکہ رین کوٹ نما کوٹ پہن کر ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ چور کو پہلے سے معلوم ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے کہاں کہاں نصب کئے گئے ہیں، اس لئے پوری تیاری کے ساتھ مندر میں داخل ہوا ہے۔ ایک موقع پر چور ڈبّی کے اندر جھانکتا بھی ہے، غالباً جب پتہ چلا کہ ڈبی کے اندر زیادہ رقم نہیں ہے تو پھر واپس جانے کے علاوہ چارہ نہیں بچتا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس مندر میں پہلے بھی ایک مرتبہ چوری کی واردات پیش آچکی ہے، جبکہ ایک مرتبہ اس مندر میں گوشت پھینکنے اور ایک مرتبہ دیواروں پر خون کے چھینٹے پائے جانے کی واردات پیش آئی تھی۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس واقعے کی چھان بین کررہی ہے۔