بھٹکل 10 مئی (ایس اؤ نیوز) بھٹکل کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں جانوروں کی چوری اور جانوروں کی سپلائی کے متعلق پولس کو خبردئیے جانے کے شبہ پر گذشتہ دسمبر 2021کو جالی روڈ ،بدریہ کالونی کے مکین کرانہ دکان کے مالک صدام حسین (29)پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس پر کاروائی کرتے ہوئے پولس نے تین لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے، مزید تین کی تلاش جاری ہے۔
بھٹکل سرکل پولس انسپکٹر دیواکر نے بتایا کہ جانور وں کی چوری کا ملزم مینگلور کے قریبی علاقہ ملکی کا مصطفیٰ ایک قتل کے معاملے میں بھی ملزم ہے۔ 2018میں ملزم مصطفیٰ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکی کے ایک جیولری شاپ کے دو افراد (سسر اور داماد )پر حملہ کیا تھا۔ حملے میں ایک کی موت ہوگئی تھی ،معاملے کے بعد ملزم وہاں سے فرار ہوکر بھٹکل پہنچ کر اپنے دوستوں کے ساتھ گلمی میں ایک گھر کرایہ پرلے کر مقیم تھا۔
پولس کے مطابق اس نے بھٹکل میں جانوروں کی چوری کو ہی اپنا دھندہ بنالیاتھا۔ قتل معاملے کو لےکر اس نے عدالت میں ضمانت کی عرضی لگائی تھی مگر عدالت نے رد کردیا تھا۔ اسی دوران جانورچوری معاملے میں ملزم مصطفیٰ پولس کے ہتھے چڑھ گیا۔ مصطفیٰ کی گرفتاری پر اس کے بھائی بشیر کو شک ہوا کہ اس کے بھائی کے تعلق سے پولس کو خبر دینے والا بدریہ کالونی کا صدام حسین ہے، اسی شک پر صدام پر حملہ کی سازش رچی گئی ۔ اس کے بعد گروہ کی شکل میں بدریہ کالونی میں کرانہ دکان چلانے والے صدام حسین پر حملہ کرنے کے بعد چھ لوگ فرار ہوگئے۔ ضلع اتر کنڑا کی ایس پی سمن پنیکر اور بھٹکل ڈی وائی ایس پی بیلی ایپاکی رہنمائی میں سی پی آئی دیواکر کی قیادت میں پولس ٹیم ملزموں کاپتہ لگانے میں کامیاب ہوگئی۔ پولس نے بتایا کہ صدام پر قاتلانہ حملہ کے الزام میں اب تک تین ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے اور حملہ کے لئے استعمال کی گئی سویفٹ کار سمیت دو تلواروں کو بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔ پولس نے بتایا کہ ایک ملزم الفاظ کاروار جیل میں بند ہے، بشیر ملکی جیل میں ہے اور اب تازہ گرفتاری اسحاق کی ہوئی ہے، جس سے بھٹکل پولس مزید تفتیش کرنے میں جُٹی ہوئی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ ملزم اسحاق حملہ کے بعد فرار ہوکر بنگلورو میں پناہ لے رکھا تھا۔ ایک ماہ پہلے بنگلورو کی پولس نے ملزم اسحاق کو ڈکیتی کی کوشش کے دوران پولس پر حملہ کرنے کی کوشش کرنے پر اُس کے پیر پر گولی چلاتے ہوئے گرفتار کیا تھا ۔ اسپتال میں علاج کے بعد وہ جیل میں بند تھا ،اب بھٹکل پولس نے اسے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ قاتلانہ حملہ کو لے کر بھٹکل پولس نے پہلے ملکی کے رہنے والے الفاظ کو گرفتار کرچکی ہےدوسرا ملزم ۔ ملزم بشیر ملکی پولس کی تحویل میں ہے،اس کو پوچھ تاچھ کے لئے بھٹکل لانا باقی ہے۔ اسحاق کی گرفتاری سے گرفتار شدگان کی تعداد تین ہوگئی ہے۔ قاتلانہ حملہ میں ملوث مزید تین ملزموں کی تلاش میں پولس سرگرداں ہے۔
پولس کا کہنا ہے کہ قاتلانہ حملہ میں جن تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور جن تین مزید ملزموں کی پولس کو تلاش ہے، ان سبھوں کا تعلق گروڈا گینگ سے ہے۔ گروڈا کے تعلق سے پولس نے بتایا کہ ان لوگوں نےانسٹاگرام پر گروڈا کے نام سے ایک گروپ بنایا ہے۔
اس نیوز سے منسلک پہلے شائع شدہ رپورٹ:
بھٹکل میں نامعلوم لوگوں کا ایک نوجوان پرحملہ؛ نوجوان شدید زخمی۔ کنداپور شفٹ