بھٹکل 5 جولائی (ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا معاملات میں کمی آنے پر ایک طرف لاک ڈاون میں راحت دی گئی ہے، وہیں کالجس میں جلد ہی کلاسس شروع کئے جانے کےآثار نظر آرہے ہیں، جس کو دیکھتے ہوئے اب بھٹکل کے کالجس میں کورونا ویکسی نیشن مہم چلائی جارہی ہے اور طلبہ سمیت کالج کے اسٹاف کو بھی سرکار کی طرف سے ویکسین لگوائی جارہی ہے۔
پیر کو بھٹکل انجمن انجینرنگ کالج میں طلبہ و اسٹاف کے لئے کووِڈ ٹیکہ لگوانے کا انتظام کیا گیا تھا جس میں 350 لوگوں کو ٹیکہ لگوایا گیا، ساتھ ساتھ پیر کو سوکھیا کالج، سدھارتھا کالج اور مرڈیشور بینا ویدیا کالج میں بھی طلبہ و اسٹاف کو کورونا کا ٹیکہ لگوایا گیا ۔ بھٹکل تعلقہ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر مورتی راج بھٹ نے بتایا کہ آج پیر کو بھٹکل کے چار کالجس میں جملہ 600 ٹیکے لگوائے گئے۔
سنیچر کو بھٹکل انجمن کالج فور ویمن میں بھی کووِڈ ٹیکہ لگوانے کی مہم چلائی گئی تھی جس میں طالبات نے بھرپور حصہ لیا ۔ کالج پرنسپال محترمہ رئیسہ شیخ نے بتایا کہ سنیچر کو کالج میں جملہ 344 لوگوں کو ٹیکے لگوائے گئے جن میں 311 طالبات شامل ہیں۔
این آر آئیز کے لئے سکینڈ ڈوس: این آئی آر آئیز بالخصوص گلف جانے والے حضرات جن کو سکینڈ ڈوس لینے ہوں اور اُن کے پاس بیرون ہند جانے کے لئے ویزا ہوں، وہ کورونا کا پہلا ڈوس لینے کے 28 دن مکمل کرنے کے بعد دوسرا ڈوس لے سکتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ کورونا کا پہلا ڈوس لینے کا سرٹی فیکٹ ، پاسپورٹ کاپی اور ویزا کاپی لے کر سیدھے اے سی دفتر پہنچ کر دفتر کے اسٹاف سے رابطہ کرتے ہوئے اپنی متعلقہ نقل دکھاکر دو فارم حاصل کریں (یہ فارمس ساحل آن لائن دفتر میں بھی رکھے گئے ہیں) اور فارم کو پُر کرتے ہوئے اے سی دفتر سے ہی اے سی کی دستخط مع سیل وغیرہ لگوا کر سیدھے سرکاری اسپتال پہنچ کر کووڈ کا دوسرا ڈوس لیں۔
بھٹکل تعلقہ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر مورتی راج بھٹ نے بتایا کہ بھٹکل سرکاری اسپتال میں اگر ویکسین دستیاب ہوگی تو صبح نو بجے ابتدائی مراحل میں ہی این آر آئیز والے ضروری کاغذات اور اے سی کااینڈورس کیا ہوا فارم دکھا کر دوسرا ڈوس لے سکتے ہیں۔
پتہ چلا ہے کہ آج پیر کو بھٹکل سرکاری اسپتال میں ویکسین کے سو۔ ڈوس فراہم ہوئے تھے جن میں سے 30 ۔ ڈوس۔ این آر آئیز کے لئے مخصوص کئے گئے تھے۔ ڈاکٹر مورتی راج بھٹ نے بتایا کہ جو لوگ پہلے اسپتال پہنچیں گے اُن کوہی ویکسین مل سکتی ہے۔ یاد رہے کہ ویکسین لینے کے بعد واپس اے سی دفتر پہنچ کر سکینڈ ڈوس کا سرٹی فیکٹ حاصل کرنا بھی ضروری ہے جس کے لئے اے سی دفتر سے ہی Acknowledgement فراہم کیا جاتا ہے جو سفر کے دوران ضروری ہوتا ہے۔