ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کارگیدے میں بندرکا حملہ جاری؛ پھر ایک نوجوان زخمی

بھٹکل کارگیدے میں بندرکا حملہ جاری؛ پھر ایک نوجوان زخمی

Mon, 14 Mar 2022 22:54:02    S.O. News Service

بھٹکل 14 مارچ (ایس او نیوز) پاگل بندر کے حملے میں پیر کومزید ایک نوجوان زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جس کی شناخت محمد انفال (17) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ 

انفال نے بتایا کہ وہ کارگیدے میں اپنے گھر کے داخلی دروازے کے قریب ٹہرا تھا کہ اچانک بندر آدھمکا اور پیٹھ پر پنجہ گاڑ دیا۔ واردات پیر شام قریب آٹھ بجے پیش آئی۔ انفال کو بھٹکل سرکاری اسپتال لے جاکر مرہم پٹی سمیت ضروری انجکشن لگوائے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ جالی پٹن پنچایت حدود کے کارگیدے میں پچھلے ڈیڑھ ماہ سے ایک بندرعوام کے لئے دردسر بنا ہوا ہے، اس بندر نے علاقہ میں ایسی دہشت مچارکھی ہے کہ لوگ دور سے دیکھتے ہی اس سے بچنے کی کوشش کرنا شروع کردیتے ہیں ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں کو بھی خبردار کرنا شروع کردیتے ہیں کہ لوگ فوراً اپنی حفاظت کا بندوبست کرے۔

کارگیدے کے لوگوں نے بتایا کہ ہرروز یہ بندرعلاقہ میں اودھم مچارکھا ہے. ایک نوجوان نے بتایا کہ وہ اپنی بائک پر کارگیدے سے گذررہا تھا کہ اچانک کہیں سے بندرآگیا اور اس کی ٹانگ کو کاٹنے کی کوشش کی، مگر چونکہ اس نے موٹے کپڑے والا جینس پینٹ پہن رکھا تھا، پاوں زخمی ہوتے ہوتے بچا، ایک اور نوجوان نے بتایا کہ وہ گھر کے انگن میں لگے ہوئے نلکے کے سامنے کھڑے ہوکر ہاتھ پیردھو رہا تھا کہ اچانک پیچھے سے بندر نے شرٹ پکڑ کر کھینچنا شروع کردیا۔ پہلے تو اسے لگا کہ گھر کا کوئی بچہ شرٹ کھینچ رہا ہوگا، پیچھے مُڑ کر دیکھا تو بندر تھا، اس سے پہلے کہ بندر حملہ آور ہوتا وہ گھر کے اندر بھاگ گیا۔ مختلف لوگوں کی زبانی مختلف کہانیاں سننے میں آرہی ہیں۔

بندرکی شرارت سے پریشان کارگیدے اور اطراف کے عوام محکمہ جنگلات سے مسلسل اس بندر کو پکڑ کر لے جانے کا مطالبہ کررہے ہیں، مگر لوگوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے لوگ آتے ہیں تو اُس وقت بندر نظر نہیں آتا،اور وہ جب چلے جاتے ہیں تو بندر اپنی شرارت میں لگ جاتا ہے۔ تازہ حملے کو لے کر کارگیدے کے عوام نے محکمہ جنگلات کو فون کرکے واقعے کی جانکاری دی ہے اور بندرکو فوری پکڑ کر نہ لے جانے کی صورت میں احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔


Share: