بھٹکل :22؍ مارچ (ایس اؤ نیوز) بھٹکل تعلقہ جالی پٹن پنچایت اوربھٹکل میونسپالٹی حدود کے چند وارڈوں میں یوجی ڈی کا م کے لئے کھودی گئی سڑکوں کی دوبارہ درستگی نہ ہونےکی وجہ سے سواریوں سمیت راہ گیروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ان راستوں کی دوبارہ درستگی کا مطالبہ لے کر ویلفئیر پارٹی آف انڈیا بھٹکل شاخ نے اسسٹنٹ کمشنرکو میمورنڈم سونپا۔
میمورنڈم میں کہاگیا ہے کہ بھٹکل میونسپالٹی اور جالی پنچایت کے چند وارڈوں میں پچھلے چند مہینوں سے یوجی ڈی کا کام جاری ہے۔ یوجی ڈی کانٹراکٹ کمپنی نے چہل پہل اور بہتر سڑکوں کو کھود کر یوں ہی چھوڑ دیا ہے ۔ شام اور رات کے اوقات میں سواریوں کو گزرنےمیں دقت ہونے کےعلاوہ کئی بائک سوار سڑک پر گڑھے ہونے کی وجہ سے گر کر زخمی ہونے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ سڑکوں پر چلنا اورگزرنا ہی محال ہوگیا ہے۔ اور سڑکیں خراب ہونےکی وجہ سے اسکولی بسیں بھی نہیں آرہی ہیں ۔ جہاں جہاں کام جاری ہے ان علاقوں کے گھروں میں دھول کی بھرمار ہونے سے کھانےپینےکی اشیاء بھی خراب ہورہی ہیں اوردھول کی وجہ سے بچے اور بزرگ بیمارہونے کا خطرہ ہے۔ متعلقہ کمپنی کھودی گئی سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ تک نہیں کرتیں اور جو سڑک مرمت کا کام ہواہے وہ بہت ہی خستہ ہے۔ پانی کنکشن کے گڑھوں کو یوں ہی کھلا چھوڑ دیا گیا ہے جہاں کوئی نشان وغیرہ نصب نہیں کیاگیا ہے۔ ویلفئیر پارٹی آف انڈیا بھٹکل شاخ مطالبہ کرتی ہے کہ متعلقہ محکمہ کے افسران فوری طورپر مسائل کی طرف توجہ دے کر کانٹراکٹ کمپنی کو سڑک درستی اور تارکول بچھانےکی ہدایات جاری کریں۔ میمورنڈم میں متنبہ کیاگیا ہے کہ اگر اگلے ایک مہینےمیں سڑک کی درستی نہیں ہوئی تو دیگر ہم خیال تنظیموں اور اداروں کے ساتھ مل کر بڑے پیمانےپر احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر ویلفیر پارٹی اترکنڑا ضلعی صدر ڈاکٹر نسیم خان، جنرل سکریٹری آصف شیخ ، مصباح محلہ کوآرڈینیٹر شوکت خطیب ، عبدالجبار اسدی ، اسلم شیخ، صادق نوید شاہ بندری ، ظہور لاڈ وغیرہ موجود تھے۔