ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں کچھ دیر کے لئے بھی گھر سے باہر نکلنا ہوگیا مشکل؛ جامعہ آباد روڈ پر واقع مکان میں چوری کی واردات

بھٹکل میں کچھ دیر کے لئے بھی گھر سے باہر نکلنا ہوگیا مشکل؛ جامعہ آباد روڈ پر واقع مکان میں چوری کی واردات

Thu, 10 Feb 2022 21:56:54    S.O. News Service

بھٹکل 10 فروری (ایس او نیوز) ایسا لگتا ہے کہ چوروں کی ٹولی مخصوص گھروں میں تاک لگائے رہتی ہے کہ گھر کے افراد کب باہر جائیں گےاور کب آُنہیں چوری کا موقع مل جائے گا، بالخصوص چوروں کی ٹولی ایسے گھروں پر خصوصی نظر رکھتی ہوگی جہاں حال ہی میں شادی ہوئی ہو اور گھر پر زیورات رکھے جانے کا پورا یقین ہو۔

یہ بات اس لئے کہنی پڑرہی ہے کہ بھٹکل جامعہ آباد روڈ پر واقع ایک مکان میں چوری اُس وقت پیش آئی جب گھر کے افراد صرف ایک  گھنٹے کے لئے شادی کی تقریب میں گئے تھے اور واپسی میں چوروں نے الماری میں رکھے ہوئے زیورات پر ہاتھ صاف کرلیا۔

چوری مسجد ابوبکر کے قریب واقع مکان کے پہلے مالہ پر پیش آئی ہے جہاں حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔ مالک مکان نے بتایا کہ مکان کے پہلے مالہ پران کی دُختر اور داماد رہتے ہیں، بدھ شب قریب دس بجے جب وہ شادی کی تقریب میں  گئے تو اُسی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے چوروں نے غالباً کمپاونڈ کی دیوار کی مدد سے ٹیریس پر چڑھ کر گھر کے اندر داخل ہوئے اورالماری کے اندر رکھے ہوئے زیورات پر ہاتھ صاف کرلیا۔ مالک مکان نے بتایا کہ گھر کی نچلی منزل میں ان کی دو دُٓختران اور ان کی اہلیہ کی نانی موجود تھیں، لیکن اوپری منزل میں کب چور داخل ہوئے اور کیسے زیورات پر ہاتھ صاف کرکے فرار ہوگئے، کسی کو کانوں کان خبرنہ ہوئی۔ پتہ چلا ہے کہ بچے اکثر کھیلنے کے لئے ٹیریس پر جاتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے ٹیریس کا دروازہ کُھلا ہوا تھا۔ اسی طرح ان کی دُختر نے یہ سوچ کر کہ جلد واپس آنا ہے اورگھر کی پہلی منزل پر لوگ بھی موجود ہیں، الماری میں لگی چابی کو وہیں چھوڑ دیا تھا۔ جس کا چوروں نے بھرپور فائدہ اُٹھایا۔

بتایا گیا ہے کہ شادی کی تقریب سے رات قریب گیارہ بجے واپسی ہوئی تھی  اور واپس آنے کے بعد پتہ چلا کہ الماری میں رکھے ہوئے تمام زیورات غائب ہیں، جس میں سونے کی چوڑیاں، انگھوٹی، کان کی بالیاں وغیرہ شامل ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 150 سے 175 گرام کے زیورات چوری ہوئے ہیں۔ جس کی مالیت سات لاکھ روپئے سے بھی زائد  ہوسکتی ہے۔

اطلاع ملتے ہی بھٹکل مضافاتی پولس کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور جائزہ لیا۔ پی ایس آئی بھرت نے بتایا کہ چوری کے متعلق معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور چھان بین جاری ہے۔


Share: