بھٹکل :8؍ مارچ (ایس اؤ نیوز)بھٹکل تعلقہ میں جاری قومی شاہراہ کے تعمیری کام سے عوام کو کافی تکالیف اور پریشانیوں کا سامنا ہے۔ عوامی مفاد کے لئے ضروری تبدیلیاں کرتےہوئے شاہراہ کی تعمیر کئے جانے کا تعلقہ کے مختلف تنظیموں کے ذمہ داران مطالبہ کررہے تھے، مگر اب لگتا ہے کہ اس مطالبے میں شدت پیدا ہو رہی ہے۔
قومی شاہراہ تعمیر ی کاموں کے متعلق منگل کی شام سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ میٹنگ میں ذمہ داروں کی آراء اور مشورے لئے گئے۔ میٹنگ میں شریک ہرایک ذمہ دارنے شاہراہ پر ریامپ تعمیر کرنے کی بات پر سخت مذمت کرتےہوئے کہاکہ بھٹکل میں فلائی اوور کی ضرورت ہے۔ خود نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے فلائی اوور کا نقشہ تشکیل دے کر اس کی منظوری وتوثیق کی تھی۔ اب اچانک اس میں تبدیلی کئے جانے پر لیڈران نے سوال اٹھایا۔ ذمہ داران نے کہا کہ قومی شاہراہ کے درمیان دیوار کی مانند ڈئیوائڈر کی تعمیر صحیح نہیں ہے۔ بھٹکل ، ہلدی پور، آورسا کے سوا ملک میں کہیں بھی کسی علاقےمیں بھی ایسا نہیں اپنایا گیا ہے کیونکہ بھٹکل کے عوام سب کچھ ہوتے ہوئے دیکھ کر بھی خاموش رہے یہ اسی کا نتیجہ ہے۔ اسی طرح قومی شاہراہ کی توسیع 45میٹر سے 30میٹر کی گئی ہے اگر سرویس روڈ نہیں ہوتی ہے تو آئندہ دنوں میں بہت زیادہ مشکلات پیش آسکتی ہیں اور حادثات میں اضافہ ہوسکتاہے۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ گلمی کراس پر انڈر پاس کی سخت ضرورت ہے اس تعلق سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو فیصلہ لینا ہوگا۔ یہاں کے اسپتال، اسکول، رکشا یونین، ٹمپو یونین سمیت دیگر اداروں کےلئے ضروری ہے کہ وہ بھٹکل کے مطالبات کے متعلق حکومت کو میمورنڈم سونپیں اور حکومت کو متوجہ کریں۔ دوسری طرف رکن پارلیمان اور ارکان اسمبلی کی قیادت میں بنگلورو میں وزراء اور وزیر اعلیٰ کے سامنے مسائل کو پیش کرتےہوئے عوامی مطالبات کو حل کرنے کےلئے حکومت پر دباؤ ڈالاجانا ضروری ہے۔ اگر ہمارے مطالبات کو افسران اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا قبول نہیں کرتی ہے تو تعلقہ کے عوام کا اعتمادحاصل کرتےہوئے سخت احتجاج منعقد کئے جانے کا میٹنگ میں فیصلہ لیاگیا ۔
میٹنگ میں قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر ایس ایم پرویز، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، عنایت اللہ شاہ بندری، میونسپالٹی صدر پرویز قاسمجی، نائب صدر قیصر محتشم، بھٹکل بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک، ایم آرنائک، راجیش نایک، محمد صائب محتشم، نریندر نایک، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی ، عبدالمجید، ستیش کمار، جیلانی محتشم، جیلانی شاہ بندری ، توفیق بیری وغیرہ موجود تھے۔