بھٹکل:11/نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل نیشنل ہایی وے پر’’نَمّا کوسٹل پلانٹیشن نرسری ‘‘ نامی باغبانی کے مرکز کا قومی شاہراہ کے کوکاریس ہونڈا کے بالمقابل افتتاح کیا گیا۔ جس میں مہمان خصوصی کے طور پر بھٹکل کے اے اسی ایف نندیش ریڈی اورسی پی آئی سریش نائک موجود تھے۔ ان دونوں نے ربن کاٹ کر 11نومبر کی شام 30-04بجے اس نرسری کا افتتاح کیا۔
افتتاحی پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا۔ پلانٹیشن نرسری کے مالکان میں سے ایک منیر احمد ایم ایچ نے استقبال کرتے ہوئے نرسری کا مختصر تعار ف پیش کرتے ہوئے کہاکہ عوام میں سبز ماحولیات کے متعلق بیداری پیدا کرنا،جدید تکنیک کی نئی چیزوں کو بازار میں متعارف کرانا، سبزی اور ترکاری کی پیداوارکی طرف لوگوں کی رہنمائی اور نامیاتی شجرکاری کو فروغ دینے جیسے اہم مقاصد میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ مرکز کی طرف سے گھروں کے صحن کو سجاتے ہوئے اس کو باغ میں منتقل کرنے اور نگرانی کے فرائض بھی ہم انجام دیں گے۔ اس باغبانی کے مرکز میں عوام کو مختلف قسم کے پھولوں کے گلدستے اورگلدان ، مختلف النوع سبزی و ترکاری کے پودے اورناریل کے پودے وغیرہ عوام خرید سکتے ہیں اپنے گھروں کو سجا نے کے ساتھ ساتھ اس سے استفادہ بھی کرسکتے ہیں۔
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال ملا ندوی نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ شہر بھٹکل کو کلین سٹی کے ساتھ ساتھ گرین سٹی بھی ہونا ضروری ہے۔ اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الطاف کھروری، جماعت المسلمین بھٹکل کےعبدالرحمن محتشم جان،جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ناظم ماسٹر شفیع وغیرہ وموجود تھے۔ مالکان میں سے ایک ڈاکٹر نور الامین مصباح نے آخر میں شکریہ اداکیا۔