بھٹکل 12 ڈسمبر (ایس او نیوز) ایمبولنس اور بائک کے درمیان ہوئی ٹکر میں بائک سوار کی موت واقع ہوگئی جبکہ بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار دوسرا شخص زخمی ہوگیا۔ حادثہ اتوار شام قریب پانچ بجے سرپن کٹہ نیشنل ہائی وےپر پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ ایمبولنس کاروار سے ایک مریض کو لے کر مینگلور جارہی تھی جس کے دوران سرپن کٹہ کے قریبی علاقہ بینندور روڈ سے ہائی وے کی طرف آنے والی بائک اس تیز رفتار ایمبولنس کی زد میں آگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بائک سوار اسپتال لے جانے تک دم توڑ دیا۔
مرنے والے کی شناخت کونار کے رہنے والے رمیش جوگی گونڈا ( 41) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثے میں بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار ناگپا نارائن نائک زخمی ہوا ہے لیکن وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ حادثے کے فوری بعد ہائی وے پٹرولنگ کی پولس جیپ موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر شدید زخمی رمیش کو جیپ میں ہی بٹھاکر سرکاری اسپتال پہنچایا جس کے سر کو شدید چوٹ لگی تھی اور پاوں ٹوٹ گیا تھا،مگر اسپتال پہنچ کر مرہم پٹی کے دوران ہی اس نے دم توڑ دیا۔ زخمی ناگپا کا بھٹکل سرکاری اسپتال میں علاج جاری ہے اور وہ خطرہ سے باہرہے۔
حادثے کے بعد ایمبولنس پر موجود مریض کو دوسری ایمبولنس کے ذریعے مینگلور روانہ کیا گیا۔
اس تعلق سے بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیاگیا ہے۔