ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں آٹو رکشا ڈرائیوروں کے لئے کورونا کوارنٹائن میں دن گزارنا مشکل

بھٹکل میں آٹو رکشا ڈرائیوروں کے لئے کورونا کوارنٹائن میں دن گزارنا مشکل

Mon, 20 Apr 2020 13:01:58    S.O. News Service

بھٹکل:20؍اپریل(ایس اؤ نیوز) کروناوائرس کو لے کر نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن سے معاشرے کا تقریباً ہر طبقہ متاثر ہواہے۔ صبح سویرے گھر سے نکل کرشہر ، گاؤں ، گلی گھوم پھر کر اپنی کمائی لے کر گھرپہنچنے والے آٹو ڈرائیورس کرونا لاک ڈاؤن سے حیران  و پریشان ہیں۔

تعلقہ میں بشمول  شرالی اور مرڈیشور کل 1300آٹو رکشا ہیں اور قریب 100گوڈس آٹو ہیں۔ ان میں چند آٹو کے مالکان خود ڈرائیور ہیں تو بقیہ گزارے کے لئے آٹو کرایے پر لے کر چلارہے ہیں۔ 18-20 سال کی عمر سے لے کر 60سال سے زائد عمر والے معمر لوگ بھی آٹو کے ذریعے زندگی گزارتے ہیں۔ ان میں سبھی دھرم اور ذات کے لوگ ہیں۔ یہ لوگ پورا  دن محنت کرتے ہیں۔ ان میں کئی ایسے بھی ہیں جو روزگار کی تلاش میں گھوم گھوم کر سست ہونے کے بعد آٹو لے کر اپنی زندگی کے لئے سہارا ڈھونڈے ہوئے ہیں۔ 

سال بہ سال غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کی وجہ سے کئی ڈرائیوروں کی زندگی بھی اجیرن بن گئی ہے۔ ایسے میں کرونا وائرس آٹو ڈرائیوروں کے لئے بجلی کی مار بن گیا ہے۔

کروناکوارنٹائن کی مشکلات :کروناکوارنٹائن کی وجہ سے آٹوڈرائیور گھر سے باہر نہ نکلے ہوئے قریب ایک ماہ ہورہاہے۔ ایک طرف گھر والوں کے لئے کھانے پینے ،کپڑوں وغیرہ کا انتظام کرنا ہے تو دوسر ی طرف بچوں کی تعلیمی فکر میں حیران ہورہے ہیں۔ اکثر آٹوڈرائیوروں کے گھر وں میں ضروری غذائی اجناس کو ختم ہوئے کئی دن گزرے ہیں۔ خود داری کے چلتے کس کے سامنے کہیں ، کس سے مانگیں ،سمجھ میں نہیں آرہاہے۔ بس وہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح کوارنٹائن ختم ہوجائے،تاکہ وہ اپنی زندگی پھر سے پٹری پر لاسکیں۔

مستقبل غیر واضح ہے:بھٹکل میں کروناکوارنٹائن کو لے کر صورت حال غیر واضح ہے۔ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بھی جسمانی دوری کو قائم رکھنے کے لئے عوام کا مارکیٹ کی طرف رخ کرنا مشکل نظر آرہاہے۔ جس کے نتیجے میں آٹو والے راست متاثر ہونگے۔ ان میں زیادہ تر آٹو والے طلبا کو اسکول اور کالج کو چھوڑنے اورلانے سے بھی کمائی کرتے رہےہیں اب جب کہ اسکولوں اور کالجوں کی شروعات کا کوئی امکان نظر نہیں آنے سے ان کی مشکلات میں اور بھی اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ اس پر مزید یہ کہ بینکوں وغیرہ سے لئے گئے قرضے بھی انہیں گھر میں بیٹھنے نہیں دے رہے ہیں، مشکلات میں پھنسے ہوئے ان آٹو ڈرائیوروں کو راحت دینا ایک چیلنج بنتا جارہاہے۔

 


Share: