ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں  26فروری کو ویلفئیرپارٹی  آف انڈیا کا یوتھ اجلاس:قومی و ریاستی لیڈران کی شرکت

بھٹکل میں  26فروری کو ویلفئیرپارٹی  آف انڈیا کا یوتھ اجلاس:قومی و ریاستی لیڈران کی شرکت

Sat, 28 Jan 2017 19:40:00    S.O. News Service

بھٹکل:28/جنوری  (ایس او نیوز)اقدار پر مبنی سیاست پر یقین رکھنے والی ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کرناٹکا کی طرف سے ریاستی سطح پر ’’ نوجوانوں کی بیداری سے ہی ملک کی مضبوطی ‘‘ یوتھ ویلفئیر مہم منائی جارہی ہے۔ جس کی مناسبت سے دکشن کنڑا، اُڈپی ، کورگ اور اترکنڑا اضلاع پر مشتمل یوتھ سماویش 26 فروری کو بھٹکل میں منعقد کئے جانے کا ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی جنرل سکریٹری طاہر حسین نے اعلان کیا۔

وہ یہاں سنیچر کو ویلفئیر اسپتال کے ہال میں سماویش کی تیاری کے سلسلےمیں منعقدہ میٹنگ میں بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ویلفئیر پارٹی اقدار کی سیاست پر مبنی ایک قومی سیاسی پارٹی ہے، پاکیزہ سیرت کے حامل اور صاف و شفاف سیرت کا پس منظر رکھنے والے ، مخلص سماجی کارکنوں اور سماجی مجاہدین ہی پارٹی کا سرمایہ ہیں۔ نوجوان اس ملک کے مضبوط ستون ہیں، وہ اپنے موج ومزے کی زندگی گزارتے ہوئے سیاست سے دوررہنا افسوس ناک ہے ، انہیں چاہئے کہ وہ ملک کی تعمیر نو میں اپنا کردار اداکریں۔ انہوں نے اخلاقیت ، اقدار کی بنیاد پر زندگی کی تعمیر ہوتی ہے تو ملک مضبوط و مستحکم ہونے کی بات کہی۔ یوتھ سماویش کے ذریعے ملک کے نوجوانوں میں بیداری پیدا کرتے ہوئے انہیں ملک کی حقیقی قوت بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ نوجوانوں کے لئے بہت سارے پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں، جن میں کھیل ، مضمون نویسی، سڑک ناٹک  اور ریلی وغیرہ کے ذریعے اجلاس کوکامیاب بنایا جائے گا۔ اجلاس میں اُڈپی ، دکشن کنڑا، کورگ ، اترکنڑا اضلاع سے قریب 5ہزار سے زائد نوجوان شریک ہونے کا امکان ہے جس میں قومی اور ریاستی سطح کے لیڈران خطاب کریں گے۔

میٹنگ میں یوتھ اجلاس کے کنونیر محمد اشرف، ویلفئیر پارٹی کے اترکنڑا ضلع کے صدر محمد یونس رکن الدین ، جنرل سکریٹری شوکت خطیب ، اُڈپی کے یوتھ صدر رئیس احمد، اُڈپی ضلعی صدر عبدالعزیز، یوتھ لیڈر عبدالرزاق ، اترکنڑا ضلع کمیٹی کے سید اشرف برماور، فاروق ماسٹر، عبدالمجید کولا، قمرا لدین مشائخ سمیت کئی پارٹی لیڈران موجود تھے۔


Share: