بھٹکل،20؍ اکتوبر (ایس او نیوز) منڈلّی کے درگا پرمیشوری مندر میں لاکھوں روپے مالیت کے زیورات چوری ہونے کے بعد پولیس ٹیم چور کی تلاش میں میسور کی طرف گئی ہے۔خیال رہے کہ زیورات کی چوری کے ساتھ ستیش بھٹ نای مندر کا وہ پجاری بھی لاپتہ ہوگیا ہے جس کے پاس زیورات کے صندوق کی چابی تھی۔
ستیش بھٹ حالانکہ یلاپور کا رہنے والا ہے مگر چوری کا معاملہ سامنے آنے کے وہ یلاپور سے غائب ہوگیا ہے۔جو پولیس ٹیم اس کی تلا ش میں یلاپور گئی تھی وہ خالی ہاتھ واپس آئی، کیونکہ وہاں سے اس کو معلوم ہوا کہ پجاری ستیش بھٹ بنگلورو کی جانب نکل جانے کے امکانات ہیں ۔بنگلورو میں اس کی تلاش کے لئے پولیس نے کارروائی شروع کی ہے اور دوسری طرف ایک اور ٹیم کو میسور روانہ کردیا گیا ہے۔
اس چوری کے سلسلے میں مندر کے انتظامات اور لاکھوں روپے کی زیورات کے سلسلے میں کیے گئے بندوبست پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔ ان زیورات کو کسی بینک کے لاکر میں رکھنے کے بجائے مندر کی ہی گربھ گوڈی میں کیوں رکھا گیا تھا، کیونکہ سال میں ایک دو مرتبہ ہی تہوار کے موقع پر ان زیورات کا استعمال ہوتا ہے جو دیوی کی مورتی کو پہنائے جاتے ہیں۔لیکن اس سوال کا کوئی جواب مندر انتظامیہ کے پاس نہیں ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے یہ زیورات بینک کے لاکر میں رکھے جاتے تھے ، مگرمندر کی نئی انتظامیہ نے اس طریقے کو بدل کر مندر کے اندرہی صندو ق میں بند رکھنا شروع کیا اور گزشتہ ایک سال سے یہ بینک لاکر میں رکھے نہیں گئے تھے۔بہر حال اس چوری کی اصل وجہ کیا ہے اور حقیقی مجرم کون ہیں ، اس کا خلاصہ لاپتہ پجاری کے ہاتھ لگنے کے بعد ہی ہوسکے گا۔