بھٹکل 2/دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک نے سنیچر کو جالی پٹن پنچایت دفتر سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اورگذشتہ حکومت کے دوران منظور کئے گئے ترقیاتی کاموں کی تکمیل اب تک نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے اس تعلق سے کنٹریکٹرس کو جلد سے جلد کام مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے اس بات کا الٹی میٹم دیا کہ اگر منظور شدہ کام 30 جنوری سے پہلے مکمل نہیں ہوتے تو اُن کو بلیک لسٹ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں اُس وقت کے وزیراعلیٰ سدرامیا نے بھٹکل کا دورہ کرتے ہوئے کئی سو کروڑ کے کاموں کا پردہ کھینچ کر افتتاح کیا تھا، اُس میں قریب4.25 کروڑکے ترقیاتی کام جالی پٹن پنچایت کے علاقوں میں تھے، بتایا گیا ہے کہ کئی علاقوں میں راستوں کی تعمیر کا سدرامیا کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا تھا، مگر ابھی تک کام کی شروعات ہی نہیں ہوسکی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق جالی پٹن پنچایت کے تحت علاقوں میں قریب ایک کروڑ لاگت کے راستوں کا کام انتخابات سے قبل ہی مکمل کئے گئے تھے، مگر اُس کے بعدسے سبھی کام رُکے ہوئے ہیں۔
رکن اسمبلی سنیل نائک نے پہلے جالی پٹن پنچایت دفتر پہنچ کر پنچایت صدر سید آدم سے گفتگو کی اور کاموں کی تفصیلات جاننے کی کوشش کی، جس کے بعد کئی ایک علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے راستوں کی تعمیر کے کنٹریکٹر سے کام کی شروعات نہ کرنے پر باز پرس کی، ایم ایل اے نے کنٹریکٹر کو جلد سے جلد کام کو تکمیل تک پہنچانے کا حکم دینے کے ساتھ ساتھ اسے 30 جنوری تک کی مہلت دی اور بتایا کہ اگر مقررہ مہلت تک تمام کام مکمل نہیں ہوئے تو پھر اُسے بلیک لسٹ کیا جائے گا۔
کارگیدے مسجد مزمل کے سامنے والی سڑک پر جب ایم ایل اے سنیل نائک پہنچے تو عوام نے اُسے گھیر لیا اور شکایت کی کہ متعلقہ کنٹریکٹر ہر بار ایک ہفتے کے اندر سڑک تعمیر کرکے دینے کے جھوٹے وعدے کرتا ہے، مگر کام نہیں کرتا، عوام نے بتایا کہ انتخابات سے پہلے ختم ہونے والا کام ابھی تک شروع ہی نہیں کیا گیا ہے۔ موقع پر موجود کنٹریکٹر نے رکن اسمبلی کے سامنے پھر ایک بار وعدہ کیا کہ اگلے ایک ہفتے کے اندر یہاں روڈ کا کام شروع کرے گا۔ اس موقع پر عوام سمیت پنچایت صدر سید آدم، ممبر بلال وغیرہ نے کنٹریکٹر کو آڑے ہاتھوں لیا جب کنٹریکٹر نے ریت کی سپلائی نہ ہونے کی شکایت تو عوام نے بتایا کہ ریت کی سپلائی کا مسئلہ اب پیدا ہوا ہے، اس سے پہلے یہ مسئلہ نہیں تھا، کنٹریکٹر سے پوچھا گیا کہ کنٹریکٹ لینے کے فوری بعد اُس نے ریت کا اسٹاک کیوں نہیں کیا۔
مسجد مزمل کے سامنے والی سڑک کے تعلق سے رکن اسمبلی نے فوری کام شروع کرنے کی ہدایت دینے کے ساتھ ساتھ اس بات کاوعدہ کیا کہ مسجد کے نیچے سے اوپر والی سڑک تک نئے راستے کو جوڑنے کے لئے اگر رقم کم ہوتی ہو تو وہ زائد رقم ریلیز کرکے دیں گے۔
سنیل نائک نے پنچایت کی نئی عمارت کے لئے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے منظور کی جانے والی ایک ایکڑ جگہ کا بھی معائنہ کیا اورپنچایت صدر کو مشورہ دیا کہ وہ اس زمین کو ہاتھ سے نہ جانے دیں اور فوری متعلقہ رقم بھر کر پنچایت کے لئے جگہ منظور کرائیں، انہوں نے پنچایت کی عمارت کے لئے ہرممکن تعاون دینے کا بھی یقین دلایا۔
پٹن پنچایت کے چیف آفسر وینوگوپال شاستری، انجینرس، کنٹریکٹرس و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔