ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل خلیفہ جامع مسجد میں 45 سالوں سے تراویح سنانے والے حافظ قران مولانا محمد حُسین اکرمی رشادی کی تہینت

بھٹکل خلیفہ جامع مسجد میں 45 سالوں سے تراویح سنانے والے حافظ قران مولانا محمد حُسین اکرمی رشادی کی تہینت

Sun, 01 May 2022 12:27:51    S.O. News Service

بھٹکل یکم مئی (ایس او نیوز)  بھٹکل کی قدیم  خلیفہ جامع مسجد میں 45 سالوں سے تراویح  سنانے والے حافظ قران  مولانا محمد حُسین اکرمی رشادی کی سنیچر کو مسجد میں قاضی  مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کی موجودگی میں  تہینت کی گئی اور حافظ قران بننے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد سے لے کر اب تک  خلیفہ جامع مسجد میں  پوری پابندی اورحد درجہ  اہتمام  کے ساتھ  تراویح سنانے پر ان کی ستائش کرتے ہوئے شال پوشی کی گئی۔

سنیچر 30 اپریل کو رمضان کے 28 روزوں کی تکمیل  اور 29ویں رمضان  کی تراویح کے فوری  بعد   خلیفہ  جامع مسجد میں  تکمیل قرآن کریم  پر مختصر جلسہ رکھا گیا تھا جس میں  حافظ مولانا محمد حُسین اکرمی رشادی کی خدمات  کوقبول کرتے ہوئے  اُنہیں سپاس نامہ پیش کیا گیا۔ سپاس نامہ میں اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ  مولانا محمد حُسین اکرمی رشادی نے بھٹکل جامعہ اسلامیہ کے استاد محترم مولانا رمضان ندوی سے حفظ قران کی سعادت حاصل کرتے ہوئے جامعہ اسلامیہ  بھٹکل سے فارغ ہونے والے حفاظ کرام کی پہلی کھیپ کے دوسرے حافظ قران بننے کا اعزاز حاصل کیا، حفظ قران کی سعادت کے بعد موصوف نے پندرہ یا سولہ سال کی عمر سے نماز تراویح میں قران مجید سنانے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا آج اپنی عمر کی 62  بہاریں دیکھنے کے بعد بھی  وہ سلسلہ جاری رکھا ہے۔ موصوف بیرون بھٹکل برسرروزگار ہونے کے باوجود آپ کا یہ سلسلہ جاری ہے جس میں نہ روزگار مانع بنتا ہے نہ مصروفیات اور نہ ہی کوئی اور چیز۔ 

اس موقع پر مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے جمیع ٹرسٹیان، سرپرستان، عہدیداران اور اراکین انتظامیہ  کی طرف سے انہیں مبارکباد اور ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کی گئی اور اللہ تعالیٰ سے دُعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مولانا موصوف کو علم و عرفان کی سعادتوں سے نوازے اور قران مجید  کے نور سے ان کی دنیا و آخرت کو منور فرمائے۔اٰمین


Share: