بھٹکل 2/ڈسمبر (ایس او نیوز) شہر کے ہیبلے پنچایت حدود میں حنیف آباد ویلفیر اسوسی ایشن (HWA) کے زیراہتمام علاقہ کے نوجوانوں پر مشتمل پروکبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ کے کبڈی شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور سبھی ٹیموں کو علاقہ کے مختلف کاروباری حضرات اسپاونسر کررہے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےHWA کے جنرل سکریٹری اور شہر کے معروف سماجی کارکن نثاراحمد ٹاپ نے کہا کہ نوجوانوں کو اسپورٹس کے نام پر ایک جگہ جمع کرنے اور اُن کو متحد رکھنے میں حنیف آباد ویلفئیر اسوسی ایشن ہمیشہ متحرک رہا ہے اور اسی مقصد کے تحت وقتاً فوقتاً مختلف ٹورنامنٹس اور کھیلوں کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے۔ ہیبلے پنچایت رکن سید علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ HWA بھٹکل کی ایسی ٹیم ہے جہاں ہر طبقہ اور ہر فرقہ کے کھلاڑی موجود ہیں اور آپس میں بھائی چارگی کو فروغ دینے اسپورٹس اہم رول ادا کرتے ہیں۔ اسپورٹس سکریٹری عمیر رکن الدین و دیگر ذمہ داران اس موقع پر موجود تھے۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں سبھی چھ ٹیموں کے ٹی شرٹ کی رسم اجرائی کی گئی۔