ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل بندر گاہ پر لنگر انداز تین ماہی گیری بوٹ اُلٹ گئی؛ لاکھوں کا نقصان

بھٹکل بندر گاہ پر لنگر انداز تین ماہی گیری بوٹ اُلٹ گئی؛ لاکھوں کا نقصان

Tue, 17 May 2022 18:13:11    S.O. News Service

بھٹکل :17؍مئی  (ایس اؤ نیوز)  بھٹکل   کی  بندرگاہ  پر لنگر انداز  ماہی گیری  کی تین  بوٹ  اُلٹ جانے کے نتیجے میں  بوٹ پر موجود  ماہی گیر اپنی جان بچانے  میں کامیاب ہوگئے، مگر   بوٹ کے اُلٹنے سے  لاکھوں کا  نقصان ہوا ہے۔

 بتایا گیا ہے کہ بدر کامل یا چودہویں کا چاند ہونے کی وجہ سے   پیر اور منگل کی درمیانی شب قریب تین بجے   سمندر کا پانی  خالی ہوگیا ، جس کے نتیجے میں یہ تینوں  بوٹ الٹ گئی اور کیچڑ  میں دھنس گئی۔ بعد میں جب سمندر میں پانی بحال ہوا تو بوٹوں کو ماہی گیروں کی مدد سے  باہر نکالا گیا۔ پتہ چلا ہے کہ جس وقت یہ واردات پیش آئی، اُس وقت بوٹوں کے اندر ماہی گیر موجود تھے،  بوٹ اُلٹتے ہی  تمام ماہی گیر    کسی نہ کسی طرح اپنی جان بچا کر سمندر کنارے پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

سری دھر  کھاروی کی  بوٹ نیتیانند،دُرگیا کھاروی کی  بوٹ جئے ہنوما ن اور ناگپّا کھاروی کی بوٹ دُرگامبیکا دیوی کو  شدید نقصان پہنچا ہے۔ ماہی گیروں نے نقصانات کا تخمینہ پندرہ لاکھ سے زائد کا لگایا ہے۔

نقصان اُٹھانے والے  ماہی گیروں  نے بتایا کہ  پچھلے بیس برسوں سے بندرگاہ پر ڈریجنگ (صفائی ) نہیں ہوئی ہے، جس کی وجہ سے سمندر  کے تہہ میں کیچڑ کی بھرمار ہے۔ ہم لوگ  کافی مشکلات کا سامنا  کرتے ہوئے  مچھلیوں کا شکار کررہے ہیں،  انہوں نے بتایا کہ ہر سال اس طرح کی واردات ہوتی ہے اور سرکار صرف زبانی دعوے کرتی ہے کہ ہمیں ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گی، مگر کسی طرح کا تعاون نہیں ملتا۔


Share: