بھٹکل :9؍ نومبر(ایس اؤ نیوز)انجمن گرلس ہائی اسکول بھٹکل کے گولڈن جوبلی کے موقع پر افتتاحی تقریب 13 نومبر 2022 کو منعقد کی جائے گی جبکہ 14نومبر کو الومنی ڈے کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر کئی ثقافتی پروگرام اور استانیوں کی تہنیت کی جائے گی اس بات کی اطلاع گولڈن جوبلی کی کنونیر پروفیسر طالعہ معلم نے دی ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گولڈن جوبلی کی افتتاحی تقریب میں اے ایم پی تمل ناڈو کی ریاستی سکریٹری برائے تعلیمات اور ماہر تعلیم شیرین سلطانہ مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گی اور ریاست کیرلا کے کوزی کوڈ گورنمنٹ میڈیکل کالج کی پروفیسر اور ماہرِ جلد امراض ڈاکٹر رحیمہ اعزای مہمان کے طور پر تشریف لائیں گی۔ انجمن لیڈیز اڈوائزری کمیٹی کی چیرمن محترمہ سیمہ ابوبکر قاسمجی اس تقریب کی صدارت کریں گی۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ 14نومبر کو منعقد ہونے والے الومنی ڈے کی خاصیت یہ ہےکہ تقریب کے مہمان خصوصی اور اعزازی مہمان سبھی انجمن گرلس ہائی اسکول کی بنات ہوں گی۔ اس تقریب میں کنچور انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس منگلورو کے شعبہ تنفس سائنس کی ذمہ دار ڈاکٹر نہا فاطمہ مہمان خصوصی اور جامعات الصالحات بھٹکل کی صدرمدرسہ ، عالمہ محترمہ زینت آپا عبدالغنی رکن الدین،انجمن ڈگری کالج فار ویمن کی پرنسپال محترمہ رئیسہ شیخ ، اور انجمن الفطرہ اسکول بھٹکل کی پرنسپال محترمہ شہناز جوکاکو اعزازی مہمان ہونگی۔ بتایاگیا ہے کہ الومنی ڈے کی تقریب میں انجمن گرلس ہائی اسکول میں 10سال سے زائد تدریسی خدمات انجام دینےوالی استانیوں کی تہنیت بھی کی جائےگی۔
گولڈن جوبلی تقریبات کا اختتامی جلسہ 8جنوری کو رکھا گیا ہے ۔پریس کانفرنس میں سمینہ سعدا، قرۃ العین شاہ بندری ، نجمہ باطن ، فرحت قاضیا، فرحانہ بھالی اور صادقہ قاضیا موجود تھیں۔
افتتاحی اور الومنی ڈے کی تقریبات میں کئی ایک ثقافتی ، تعلیمی سمیت کئی مقابلے اور پروگرام بھی ہونگے جس کی تفصیل ذیل کی لنک پر دی گئی ہے۔