بھٹکل:16؍جون(ایس اؤ نیوز)انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ مینجمنٹ بھٹکل کے شعبہ سول میں زیر تعلیم فائنل ائیر کی طالبہ صابرہ سوئبہ نے یوریکا 2021کےقومی سطح کے آن لائن مقالہ نگاری میں اول مقام حاصل کرتےہوئے کالج اور شہر کا نام روشن کیا ہے۔
مہاراشٹرا ریاست کے وران نگر کی ٹی کے ای آئی ٹی نامی ادارے کی طرف سے قومی سطح پر یوریکا2021آن لائن پیپر پرزنٹیشن کا مقابلہ انعقاد کیاگیا تھا۔ قومی سطح کے مقابلے میں ملک بھر کی مختلف کالجوں کے 349طلبا و طالبات نے اپنے اپنے مقالے پیش کئے۔ انجمن انجنئیرنگ کالج کی طالبہ صابرہ سوئبہ نے ’’Implementation of BIM in Indian AEC Industry‘‘ کے عنوان پر اپنا آن لائن مقالہ پیش کیا۔ تو ممتحن صاحبان نے صابرہ سوئبہ کے پیش کئے مقالے کو اول انعام سے نوازا ہے۔
صابرہ سوئبہ کے متعلق جانکاری کے مطابق کنڈرگارٹن سے ہی صابرہ انجمن کے اداروں میں تعلیم حاصل کرتی رہی ہیں۔ اور اس دوران بنگلورو، ہبلی ، کاروار ، کمٹہ وغیرہ میں منعقدہ مختلف مقابلہ جات میں شریک ہوکر انعام حاصل کی ہیں۔ ثقافتی مقابلہ جات کے علاوہ صابرہ سوئبہ پڑھائی میں بھی بہت ذہین مانی جاتی ہیں۔ ایس ایس ایل سی میں 97.92فی صد نمبرات کے ساتھ ہونے والی ان کی کامیابی کا آج تک ریکارڈ ہے۔ جہاں انہوں نے ریاضی اور کنڑا میں 100مارکس حاصل کئے تھے۔
صابرہ سوئبہ کی کامیابی پر انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر قاضیا مزمل ، جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، ایڈیشنل جنرل سکریٹری اسحق شاہ بندری سمیت عہدیداران ، انتظامیہ ممبران، پرنسپال اور اساتذہ سمیت طلباو طالبات نےانہیں مبارکبادی پیش کی ہے۔