بھٹکل 29؍ مئی (ایس اؤ نیوز) کرناٹک کے سابق وزیر ،اُترکنڑا کے سابق ضلع انچارج وزیر اور ہلیال کے رکن اسمبلی آر وی دیشپانڈے نے آج بھٹکل کا دورہ کرتے ہوئے تعلقہ انتظامیہ کو کانگریس کی جانب سے میڈکل کٹس تقسیم کیا۔ اس موقع پرنیشنل ہائی وے کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے دیشپانڈے نے بتایا کہ بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک کو غالباًحالات کا مطالعہ تھوڑا کم ہے ، سمجھ میں ابھی وہ کچے ہیں۔ دیشپانڈے نے بتایا کہ بھٹکل سے گزرنے والی قومی شاہراہ کے متعلق جو بھی فیصلے لئے گئے ہیں وہ تنہا آر وی دیش پانڈے کے نہیں ہیں بلکہ یہاں کے عوام، رکن اسمبلی ، افسران ، مقامی اداروں اور مختلف تنظیموں کو ساتھ لے کر ایک لمبی جدوجہد کے بعد اور تمام کو اعتماد میں لےکر کیاگیا کام ہے۔
بھٹکل منی ودھان سودھا میں اخباری نمائندوں سےبات کرتے ہوئے انہوں نے ہائی وے کی توسیع کے تعلق سے اپنی طرف سے کی گئی کوششوں کا تذکرہ کرتےہوئےکہاکہ بھٹکل سے گزرنے والی ہائی وے کی توسیع معاملے کو لے کر میں نے کئی دفعہ بھٹکل کا دورہ کیا ہے ، مرکزی وزیر کے ساتھ بات چیت کی ہے۔ وہ میری ہی جدوجہد تھی کہ پورورگا میں بے شمار زمینات کی حصولیابی کو بچایا ہے خیر وہ تو میرا فرض تھا۔ بائی پاس کے لئے بھی ہم نے کافی کوشش کی لیکن مرکزی حکومت نے اس کی منظوری نہیں دی۔یہاں پر جو کچھ بھی کام کیا گیا ہے وہ تمام اداروں اور ذمہ داروں کو اعتماد میں لے کر کیا گیا کام ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ اتی کرم زمین پر بسنے والوں کو بھی معاوضہ دلایا گیا ہے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا جو کبھی نہیں ہواتھا۔ اب یہاں کے رکن اسمبلی نئے نئے ہیں ، جوان ہیں ، چاہتےہیں کہ پبلیسٹی بٹوریں۔
ریاستی حکومت کے پانچ برس مکمل ہونے کے متعلق پوچھے گئے سوال پر دیش پانڈےنے کہاکہ کسی بھی حکومت کو پانچ برس کی مدت پوری کرنا بڑی بات نہیں ہے بلکہ وہ مظلوموں اور مزدوروں کی آواز بن کر ترقی جاتی کاموں کو کرنے والی حکومت پانچ برس مکمل کرتی ہے تو وہ معنی خیز ہوگی۔ اب دیکھئے حالات بد سے بدتر ہوتے جارہےہیں، کووڈ کےحالات میں بھی اسپتالوں میں بہتر سہولیات نہیں ہیں، ڈاکٹرس نہیں ہیں، ڈیالسس کے سنٹرس بند ہیں۔ کیا اس کو عوامی حکومت کہیں گے ؟
بی جے پی کے وزیر سی پی یوگیشور اپنی منزل تک پہنچنے کےلئے حکومتوں کو گرانے کا کام کررہے ہیں۔ اس وقت حکومت بی جے پی کی ہے۔ لیکن اقتدار کی ہوس کی خاطر کچھ لوگ بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ اب وہ کیا کرتے ہیں کیا کررہے ہیں اس سے کانگریس کا کوئی تعلق ہیں ہے۔ اس موقع پر اترکنڑا ضلع کانگریس صدر بھیمنا نائک، بھٹکل کے سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا، جے ڈی نائک، بھٹکل میونسپالٹی صدر پرویز قاسمجی وغیرہ موجود تھے۔