ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ایک شخص کی نماز کی حالت میں ہوئی قابل رشک موت

بھٹکل میں ایک شخص کی نماز کی حالت میں ہوئی قابل رشک موت

Sun, 04 Apr 2021 18:49:13    S.O. News Service

بھٹکل  4/اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل کی ایک مسجد میں نماز پڑھنے کےدوران  ایک شخص کی قابل رشک موت واقع ہوئی ، جس کے بعد متعلقہ شخص  کی میت کا آخری  دیدار کرنے گھر پر کافی لوگ جمع ہوگئے۔

خلیفہ جامع مسجد کے موذن جناب محمد  اشرف آرمار (65) عصر کی اذان دینے قریب 3:30 بجے مسجد میں داخل ہوئے ، چونکہ ابھی اذان کے لئے وقت تھا اس لئے وضو کرکے دو رکعت سنت نماز کے لئے کھڑے ہوگئے۔ مسجد میں موجود ایک عینی شاہد نے بتایا کہ  پہلی رکعت مکمل کرنے کے بعد دوسری رکعت   پوری کررہے تھے کہ سجدہ میں جانے کےدوران اچانک ایک طرف لڑھک گئے اور کچھ ہی دیر میں خالق حقیقی کی آواز پر لبیک کہہ گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

نماز کی حالت میں موت واقع ہونے کی اطلاع پل بھر میں پورے شہر میں پھیل گئی، موصوف کو فوراً  ڈونگر پلی میں واقع  مکان لے جایا گیا، جہاں عصر کی نماز کے بعد میت کا آخری دیدار کرنے کافی لوگ پہنچ گئے۔

جناب اشرف صاحب کافی عرصہ سے دبئی میں  برسر روزگار تھے، قریب دو سال قبل وہ دبئی کو خیر باد کہہ کر بھٹکل آئے تھے اور قریب ڈیڑھ سال سے خلیفہ جامع مسجد میں موذن  کے طور پر  خدمات انجام دے رہے تھے۔   آج اتوار عصر کی اذان سے کچھ وقت پہلے بیوی  دو لڑکے اور ایک دُختر کو ہمیشہ ہمیشہ  کے لئے چھوڑ کر  عین نماز کی حالت میں انتقال کرگئے۔

گھر والوں نے بتایا کہ بعد نماز عشاء  خلیفہ جامع مسجد میں ہی  نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور قریبی قبرستان میں   تدفین عمل میں آئے گی۔


Share: