بھٹکل 28 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل سرکاری اسپتال کے احاطے میں آج جمعہ کو آکسیجن پلانٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد پوجا پاٹ کے ذریعے رکھا گیا، اس موقع پر بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک نے بتایا کہ پلانٹ کی اس عمارت کے لئے ایم ایل اے فنڈ سے سات لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں، جبکہ پلانٹ کے لئے وزیراعظم نریندر مودی کے تعاون سے اور آئیل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن لمیٹیڈ (او این جی سی) کے اشتراک سے 43 لاکھ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ اس طرح یہ مکمل پروجکٹ 50 لاکھ مالیت کا ہے۔
سنیل نائک کے مطابق ریاست کرناٹک میں چکوڈی کے بعد بھٹکل میں آکسیجن جنریٹر پلان کا کام شروع کیا گیا ہے، جس کے لئے انہوں نے رکن پارلیمان آننت کمار ہیگڈے اور ڈسٹرکٹ انچارج منسٹر شیورام ہیبار کا شکریہ ادا کیا۔ سنیل نائک کے مطابق ایک ماہ کے اندر کام مکمل ہوگا۔
اس موقع پر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی، بھٹکل سرکاری اسپتال کی انچارج ڈاکٹر سویتا کامتھ سمیت دیگر لوگ موجود تھے۔
