نئی دہلی17اگست(آئی این ایس انڈیا) وزیرخارجہ ایس جے شنکرنے منگل کوکہاہے کہ کابل طالبان کے کنٹرول میں آنے کے بعد بھارت افغانستان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ حکومت ہند کابل میں رہنے والے اپنے شہریوں اور سکھ اور ہندو برادریوں کے رہنماؤں سے براہ راست رابطے میں ہے۔ٹویٹس کی ایک سیریز میں وزیر خارجہ جے شنکر نے کہاہے کہ کابل کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ہندوستان واپس آنے کے خواہشمندوں کی تشویش سمجھ میں آتی ہے۔
اہم چیلنج ہوائی اڈے کی سروس ہے۔اس سلسلے میں شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کابل میں سکھ اور ہندو برادری کے رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ان کی دیکھ بھال اور ان کے محفوظ انخلا کو ہماری ترجیح بنی ہوئی ہے۔افغانستان میں بگڑتی صورتحال کے درمیان بھارتی وزارت خارجہ نے ایک ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا ہے۔
ہیلپ لائن نمبر +919717785379 پیر کو وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے جاری کیا۔ اس کے ساتھ ، ای میل آئی ڈی MEAHelpdeskIndia@gmail.com بھی جاری کیا گیا۔ ان دونوں کے ذریعے ہندوستان کے لوگ خبریں حاصل کر سکتے ہیں اور افغانستان میں اپنے قریبی دوستوں کے بارے میں معلومات دے سکتے ہیں۔