ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو: پادرائن پورہ ہنگامے کے ملزمین کی جانچ رپورٹ پوزیٹیو۔ پولیس والوں میں خوف وہراس۔ سیکڑوں لوگوں کی ہوگی جانچ

بنگلورو: پادرائن پورہ ہنگامے کے ملزمین کی جانچ رپورٹ پوزیٹیو۔ پولیس والوں میں خوف وہراس۔ سیکڑوں لوگوں کی ہوگی جانچ

Sat, 25 Apr 2020 14:29:02    S.O. News Service

بنگلورو،25؍اپریل (ایس او نیوز)پادرائن پورہ میں مشکوک افراد کو کوارنٹین کے لئے لے جانے کے مسئلے پر طبی عملہ، پولیس افسران اوربی ایم سی کے افسرا ن پر حملہ کرنے اور ہنگامہ مچانے کے الزام میں گرفتار کیے گئے ملزمین کی جانچ رپوٹ پوزیٹیو آگئی ہے جس کی وجہ سے بنگلورو کمشنریٹ کے حدود میں پولیس والوں کے اندر خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

 خیال رہے کہ جب پادرائن پورا میں ہنگامہ آرائی ہوئی تھی تو پولیس نے لاٹھی چارج کرکے لوگوں کو منتشر کیاتھا۔ اس کے بعد حملے کے ضمن میں 5الگ الگ ایف آئی آر داخل کیے گئے تھے۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس کمشنر بھاسکر راؤ نے ملزمین کی گرفتاری کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ اس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے شہر کے اندر اورمضافات میں چھپے ہوئے 126ملزمین کو گرفتار کرلیا۔

 پولیس والوں نے گرفتاری کے دوران ملزمین کو دھر دبوچا تھا، پھر جیل میں روانہ کرنے سے قبل کورمنگلا کی ایک عمارت میں ان لوگوں کو رکھا گیا تھا، جہاں 30سے زائد افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا۔پولیس گاڑی میں اس وقت بھی پولیس کاعملہ موجود تھا جب ان ملزمین کو عدالت میں اور وہاں سے جیل میں لے جایا گیا تھا۔پولیس کمشنر، ایڈیشنل کمشنر، وزیر داخلہ، رکن اسمبلی، کارپوریشن کے اراکین وغیرہ نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا تھا۔ اب ان ملزمین کی رپورٹ پوزیٹیو آنے کے بعد سب کی فکر مندی او رتشویش بڑھ گئی ہے، کیونکہ متاثرہ ملزمین سے رابطے کی وجہ سے ان کے اندر بھی کورونا وائرس داخل ہوجانے کے امکانا ت بڑھ گئے ہیں۔ اس لئے پولیس کی خصوصی ٹیم کے ارکان، کے ایس آر پی کے جوان اور ان ملزمین سے رابطے میں آنے والے دیگر افسران، عملے اور مقامی افراد کی ایک لمبی فہرست تیار کی جارہی ہے جن میں سے ہرایک شخص کا طبی معائنہ کرواناضروری ہوگیا ہے۔

 اس دوران خبر ملی ہے کہ حکومت کوروناجانچ پوزیٹیو آنے والے ملزمین کو جیل سے حج ہاؤس میں منتقل کرنے کامنصوبہ بنارہی ہے۔ اس پرہیگڈے نگر کے مقامی باشندوں نے سخت اعتراض جتایا ہے اور ان کے علاقے میں کورونا مریضوں یا مشکوک افراد کو لاکر رکھنے کی مخالفت کی جارہی ہے۔
 


Share: