ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بنگلورو: سرکاری بسوں میں عورتوں کے مفت سفر کےلئے کوئی شرط نہیں ہوگی : وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی

بنگلورو: سرکاری بسوں میں عورتوں کے مفت سفر کےلئے کوئی شرط نہیں ہوگی : وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی

Wed, 31 May 2023 20:44:01    S.O. News Service

بنگلورو: 31؍ مئی (ایس اؤ نیوز ) ریاستی کانگریس حکومت کی 5گیارنٹیوں  میں سے ایک عورتوں کو سرکاری بسوں میں مفت سفر منصوبے کے نفاذ کےلئے حکومت پابند ہے ، ہم اس کےلئے کوئی  شرط نہیں لگائیں گے۔ ریاست کے وزیر نقل وحمل رام لنگا ریڈی نے ان خیالات کا اظہار  کیا۔

شہر کے کے ایس آرٹی سی  کے مرکزی دفتر میں چاروں نگم کے افسران کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد اخبارنویسوں سے گفتگو کرتےہوئے رام لنگا ریڈی نے کہاکہ سرکاری بسوں میں عورتوں کے لئے مفت سفر کے منصوبے کےمتعلق میٹنگ میں غوروخوض کیاگیاہے۔ محکمہ کی آمدنی، مسافروں کی تعداد سمیت دیگر ضروری معلومات حاصل کی گئیں ہیں۔ ان سب کو وزیر اعلیٰ تک پہنچایاجائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ محکمہ کی جانب سے ایک پیش کش بھی حکومت کو ارسال کی جائے گی ۔

رام لنگا ریڈی نے کہاکہ کانگریس کے منشور میں دئیے گئے سبھی وعدوں کو لازمی طورپر پورا کیاجائے گا۔ اس میں خاص کر سرکاری بسوں میں عورتوں کو مفت سفر کرنے کی سہولت دی جائے گی۔ اے پی ایل ، بی پی ایل  سمیت کسی بھی طرح کی کوئی شرط نہیں ہوگی۔ ہم نے جس طرح پہلے کہاتھا اسی کے مطابق سب کو بس کا سفر فراہم کریں گے۔ اس تعلق سے ہمارے ہاں کوئی پیچیدگی نہیں ہے۔

ریاست کے چاروں نگموں میں کل 23978سواریاں ہیں اور 104450عملہ ہے۔ اس کے علاوہ ہردن 82.51لاکھ مسافر سرکاری بسوں کے ذریعے سفر کرتےہیں۔ چاروں نگموں میں کل 40ڈویزن اور 240ڈپو ہیں۔ روزانہ کل 2313لاکھ روپئے کی آمدنی ہوتی ہے۔ فی الحال سالانہ 8946.85کروڑروپئے کی آمدنی ہے۔ اس موقع پر ریاستی سکریٹری ڈاکٹر این وی پرساد، ٹرانسپورٹ محکمہ کے مینجنگ ڈائرکٹر جی ستیہ وتی، کے ایس آرٹی سی کے ایم ڈی این راچپا سمیت دیگر اہم افسران موجود تھے۔


Share: