بنگلورو یکم اگست(ایس او نیوز) سفر حج بیت اﷲ کے لئے شہر گلستان سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ آج صبح سے شروع ہوگیا۔ 300 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ آج صبح کی اولین ساعتوں میں حج بھون سے کیمپے گوڈا انٹر نیشنل ایرپورٹ کے لئے روانہ ہوا ، ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود وحج ضمیر احمد خان ، ریاستی حج کمیٹی چیرمین جناب روشن بیگ اور دیگر ممتاز شخصیتوں نے عازمین حج کو وداع کیا اور ان کی بس کو سبز جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر ریاست کے معروف عالم دین مولانا تنویر پیراں ہاشمی نے خصوصی دعا فرمائی۔ ایرپورٹ پر جناب روشن بیگ اور ضمیر احمد خان نے عازمین حج کو اپنی نیک تمناؤں کے ساتھ وداع کیا۔عازمین حج کو روانگی کے مرحلے میں کسی طرح کی دشواری پیش نہ آئی اس کے لئے حج کیمپ اور ایرپورٹ پر واقع عارضی حج ٹریمنل میں سینکڑوں کی تعداد میں رضاکاروں کو خدمت کے لئے الگ الگ ذمہ داریوں کے ساتھ روایت کے مطابق متعین کیا گیا ہے۔ آج روانہ ہوئے 300 عازمین حج میں 170مرد اور 130خواتین شامل ہیں۔ حج کیمپ سے تقریباً دس بسوں کے ذریعے یہ قافلے رات تین بجے سے روانہ ہونے شروع ہوئے ، ایرپورٹ پر امیگریشن ، کسٹمز اور دیگر تقاضوں کی تکمیل کے بعد عازمین حج طیارے میں سوار ہوئے اور دعا کے ساتھ صبح 6-40 بجے اس طیارے نے اڑا ن بھری ۔ بتایاجاتاہے کہ یہاں سے روانہ ہونے والے تمام عازمین حج بعافیت جدہ پہنچے اور وہاں سے تمام ضروری تقاضوں کی تکمیل کے بعد شام تک انہیں مکۃ المکرمہ کے گرین اور عزیزیہ زمرے میں واقع ان کی عمارتوں تک پہنچا دیا گیا۔