ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور میں سال نو کے جشن میں شرارت مہنگی پڑے گی، شہر بھر میں 70ہزار پولیس جوان تعینات رہیں گے: پولیس کمشنر

بنگلور میں سال نو کے جشن میں شرارت مہنگی پڑے گی، شہر بھر میں 70ہزار پولیس جوان تعینات رہیں گے: پولیس کمشنر

Mon, 24 Dec 2018 22:18:59    S.O. News Service

بنگلورو۔24؍دسمبر(سیاست نیوز) 31 دسمبر کو سال نو کی شب کے اہتمام میں سال گزشتہ شہر بنگلور کے بعض علاقوں میں پیش آئے ناخوشگوار واقعات اور خاص طور پر ایم جی روڈ اور برگیڈ روڈ میں شرپسندوں کے طوفان بدتمیزی کو دیکھتے ہوئے اس بار شہر کی پولیس نے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شہر کے پولیس کمشنر سنیل کمار نے آج ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ سال نو کے موقع پر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہونے پائے اس کے لئے 70ہزار سے زائد پولیس جوان شہر میں اس رات ڈیوٹی پر تعینات رہیں گے، خاص طور پر ایم جی روڈ ، برگیڈ روڈ، چرچ اسٹریٹ اور آس پاس کے علاقوں میں افزود پولیس فورس اتاری جائے گی۔ کسی بھی طرف سے حالات کو بگاڑنے کی کوشش کو سختی سے نپٹنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خاص طور پر شراب خانوں پر سخت نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔

پولیس کمشنر نے بتایاکہ ایم جی روڈ ، برگیڈ روڈ کے علاوہ یو بی سٹی ، کبن پارک، شیواجی نگروغیرہ علاقوں میں سال نو کے موقع پر ہنگامہ آرائی، ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش وغیرہ سے سختی سے نپٹا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی جشن کے دوران منشیات کی فروخت کی شکایات کو دیکھتے ہوئے اس پر بھی سخت نظر رکھی جائے گی۔ پولیس کمشنر نے بتایاکہ سال نو کے جشن کو عوام اگر جوش وخروش سے منانا چاہیں تو پولیس اس میں رکاوٹ نہیں بنے گی ، اس کی آڑ میں اگر بدتمیزی کی گئی یا قانونی شکنی ہوئی تو ایسے واقعات کوسختی سے کچلا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح بیرون ممالک میں سال نو کا جشن ایک ہی مقام پر منایا جاتاہے، بنگلور پولیس کی یہ کوشش ہے کہ شہر میں بھی ایسا کوئی نظام قائم ہو، اس سلسلے میں ریاستی حکومت کو ایک مکتوب بھی روانہ کیا گیا ہے، اگر حکومت اس کی اجازت دے تو پولیس کی طرف سے پیالیس گراؤنڈ میں سال نو کے جشن کے اہتمام کے انتظامات کئے جائیں گے۔ سخت نگرانی میں یہاں پر تقریبات کا اہتمام بھی کیا جاسکتاہے۔ 


Share: