کلکتہ،30؍مئی (ایس او نیوز؍یواین آئی) ممتا بنرجی نے وزیرا عظم مودی سے بنگال اور بنگالی عوام کے ساتھ گندہ سیاسی کھیل نہیں کھیلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بنگال کے مفادات کیلئے میں وزیرا عظم کے پیر تک چھونے تیار ہوں مگر بنگالی تہذیب اور بنگال کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی قبول نہیں کروں گی۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں شکست کے بعد وزیرا عظم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ دونوں انتقامی کارروائی میں مصروف ہیں۔ہردن بنگال کے خلاف کوئی نہ کوئی کارروائی کررہے ہیں۔انہوں نے مزید الزام لگایا کہ وہ انتقامی کارروائی میں چیف سکریٹری سمیت ریاستی حکومتی عہدیداروں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ ریاستی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ممتابنرجی نے کہا کہ اگر مودی جی کو مجھ پر کوئی غصہ ہے تو میں ان کے پیر پکڑنے تیار ہوں مگر میری مخالفت میں بنگال اور اس کے عوام سے بدلا نہ لیں۔میں بنگال کیلئے کام کرتی ہوں۔بنگال سے بدلہ نہ لیں۔ممتا بنرجی نے شکایت کی کہ جب سے وہ اقتدار میں آئی ہیں مرکزی حکومت ان کی حکومت کے خلاف ایک کے بعد ایک قدم اٹھا رہی ہے۔ کبھی گورنر ٹوئیٹ پر ٹوئیت کرتے ہیں تو کبھی امن وامان کی صورت حال کا حوالہ دے کر مرکزی وزارت داخلہ کی ٹیم آتی ہے، ہیومن رائٹس دورہ کرتی ہے۔جب کہ بی جے پی کی زیر اقتدار ریاستوں میں حالات مزید خراب ہیں۔