اڈپی،21/جون (ایس او نیوز) بارکور میں پیش آئے ایک حادثے میں کار بے قابو ہوگئی اور سڑک کنارے واقع چولی کیرے نامی پانی کے گڈھے گرگئی جس کے نتیجے میں کار میں موجود سنتوش شیٹی نامی شخص ہلاک ہوگیا جبکہ ایک خاتون کی حالت بہت ہی سنگین بتائی جارہی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق سنتوش شیٹی کی کار میں سویتا نامی خاتون تھی جو اس کے ساتھ ملازمت کرتی تھی۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق دونوں جب کار میں گزر رہے تھے تو سڑک کے گھماؤ پر اچانک کار کا ٹائر پھٹ گیا اوروہ بے قابو ہوکر قریب میں واقع پانی کے گڈھے میں الٹ گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار پانی میں الٹنے کے بعد پوری طرح ڈوب گئی تھی اور صرف اس کے ٹائر اوپر کی طرف نظر آرہے تھے۔ مقامی لوگ فوری طور پر مدد کے لئے پہنچے مگر کارپانی کے اندر الٹ جانے کی وجہ سے فوری طور پر اس کے اندر موجود لوگوں کو باہر نکالنا ممکن نہیں ہوسکا۔بعد میں کرین کی مدد سے کا ر کو گڈھے سے باہر نکال لیا گیا۔کار میں موجود دونوں لوگوں کو اسپتال میں منتقل کیا گیا مگر سنتوش شیٹی نے دم توڑ دیا۔ پھر شویتا کو نازک حالت میں منی پال اسپتال میں منتقل کیا گیا۔برہماور پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔تحقیات جاری ہے۔