اڈپی ،24؍ اپریل (ایس او نیوز) اڈپی میں کووِڈ پروٹوکول سختی کے ساتھ لاگو کرنے والے اڈپی کے ڈپٹی کمشنر جگدیشا کو اس وقت سوشیل میڈیا پر بہت زیادہ ٹرول کیا جارہا ہے کیونکہ سوشیل میڈیا پر ان کی جو تصویر وائرل ہوئی ہے اس میں وہ ایڈیشنل ایس پی کی بیٹی کی مہندی رسم کے موقع پر بغیر ماسک اور آپسی دوری کا لحاظ کیے بغیر کھڑے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
یاد رہے پچھلے کچھ دنوں سے ڈپٹی کمشنر نے کووِڈ پروٹوکول لاگو کرنے کی بڑی سخت مہم چلا رکھی تھی اور خود سڑکوں پر اتر کر ماسک نہ پہننے اور بسوں میں حد سے زیادہ مسافروں کو لے جانے والوں کے خلاف کارروائیاں کررہے تھے۔ دو چار دن قبل بس روک کر زائد مسافروں کو بس سے نیچے اتارنے اور طالبات تک کو یونہی سڑک پر بے یار و مددگار چھوڑ کر چلے جانے پر عوام اور سیاسی لیڈران نے کڑی مذمت کی تھی۔
اسی بیچ اب یہ جو تصویر عام ہوئی ہے اس میں مہندی کی رسم سے متعلقہ تقریب میں ڈی سی کے علاوہ ان کے ساتھ اسٹیج پر کھڑے ہوئے دوسرے افراد نے بھی چہرے پر ماسک نہیں پہن رکھا ہے۔ ڈی سی خود بڑی دلفریب مسکراہٹ کے ساتھ ان کے ساتھ شامل ہوگئے ہیں۔ اس پر عوام پوچھ رہے ہیں کہ کیا یہی وہ ڈپٹی کمشنر ہیں جو عوام کو ماسک نہ پہننے پر سزا دے رہے تھے؟ اب کیا لوگ ان کی پیروی کرتے ہوئے بغیر ماسک کے کسی بھی تقریب میں شریک ہوجائیں؟ یا پھر کووِڈ پروٹوکول ڈپٹی کمشنر اور پولیس افسران پر لاگو نہیں ہوتا!
بتایا جاتا ہے کہ اس معاملہ پر ڈپٹی کمشنر جگدیشا سے ان کا رد عمل جاننے کے لئے میڈیا کی طرف سے کوشش تو بہت کی گئی مگر ان کا کوئی تبصرہ حاصل کرنا ممکن نہیں ہوا۔