اڈپی،30؍ نومبر (ایس او نیوز) کووڈ کی نئی لہر کو دیکھتے ہوئے یکے بعد دیگرے احتیاطی اقدامات میں سختی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے تحت اڈپی ضلع ڈپٹی کمشنر کورما راو نے اعلان کیا ہے کہ بیرونی ممالک سے آنے والے مسافروں کے لئے ان کی آر ٹی پی سی آر رپورٹ نگیٹیو رہنے کی صورت میں بھی ایک ہفتہ تک لازمی طور پر کوارنٹین میں رہنا ہوگا ۔
ڈی سی نے مزید کہا کہ "جو لوگ کیرالہ سے اڈپی ضلع میں آ رہے ہیں ان کے لئے اپنے ساتھ نگیٹیو رپورٹ لانا لازمی ہوگا ۔ کوارنٹین کا عرصہ ختم ہونے کے بعد دوبارہ کووڈ ٹیسٹ کیا جائے گا ۔ اس وقت کالجوں کے ہاسٹلس میں سختی کے ساتھ جانچ کی جارہی ہے ۔ روزانہ تین تا چار ہزار افراد کا کووڈ ٹیسٹ کیا جارہا ہے ۔"
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ " تمام طبقات کے لیڈروں اور اداروں کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگس منعقد کی گئی ہیں ۔ ہم نے کووڈ گائڈ لائنس پر عمل درآمد کے لئے ان سے تعاون طلب کیا ہے ۔ جن لوگوں نے ابھی تک کووڈ ویکسین کا پہلا ڈوز نہیں لیا ہے ان کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ منی پال یونیورسٹی کے ذمہ داران کو بھی طلبہ کے معائنہ اور کووڈ گائڈ لائنس پر مکمل عمل پیرائی کے تعلق سے ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔"