اُڈپی،8؍جون (ایس او نیوز) اڈپی ضلع میں گزشتہ چار دنوں سے بڑھے پیمانے پر روزانہ کووِڈ متاثرین میں اضافہ ہونے کے بعد اتوار کے دن پوزیٹیو معاملات کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اتوار کے د ن صرف 13معاملے پوزیٹیو نکلے ہیں جس کے ساتھ یہاں پر کُل متاثرین کی تعداد 901ہوگئی ہے، اور ریاستی سطح پر متاثرین کے اعتبار سے اڈپی اول نمبر پر ہی ٹکا ہوا ہے۔جبکہ کلبرگی دوسرے مقام پر ہے، جہاں پر اتوار کے دن سب سے زیادہ یعنی 39پوزیٹیو معاملات دیکھنے کو ملے ہیں۔
اُڈپی میں اتوار کے دن جو پوزیٹیو کیس نکلے ہیں ان میں سے 3افراد اڈپی تعلقہ اور بقیہ 10مریض کنداپور تعلقہ کے رہنے والے ہیں۔ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق جملہ 168 افراد کی جانچ رپورٹ موصول تھی جن میں سے 155لوگوں کی رپورٹ نگیٹیو نکلی ہے۔اس دوران ڈی ایچ او نے بتایا ہے کہ بیندور کے رہنے والے ایک 47سالہ شخص کی حالت بہت ہی سنگین ہوگئی ہے۔مہاراشٹرا سے لوٹے ہوئے اس شخص کو کوارنٹین کی مدت ختم ہونے کے بعد گھر بھیجا گیا تھا لیکن اس کی طبیعت پھر بگڑ گئی اور دوبارہ اس کو ٹی ایم اے پائی اسپتال میں داخل کرنا پڑا ہے، اور اس کی جانچ رپورٹ پوزیٹیو آئی ہے۔اس کے علاوہ ضلع کے مختلف علاقوں میں زیر علاج رہنے کے بعد صحت یاب ہونے والے 41مریضوں کو اتوارکے دن چھٹی دے دی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی اب تک صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 274ہوگئی ہے۔جبکہ مریضو ں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ضلع میں مزید 133علاقوں کو سیل ڈاؤن کیا گیا ہے۔