اڈپی،9؍جنوری ( ایس او نیوز)اڈپی ضلع کے ڈپٹی کمشنر جگدیشا نے برڈ فلو واچ ڈاگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ ’’اڈپی میں برڈ فلو سے متاثر ہونے کا کوئی بھی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے، اس لئے عوام کو گھبرانے یا تشویش میں مبتلا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔البتہ عوام کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس ضمن میں پوری طرح احتیاط برتیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ’’ گجرات ،کیرالہ اور کچھ دیگر مقامات سے برڈ فلو پھیلنے کی خبریں آئی ہیں اس لئے عوام کو چوکنا رہنا چاہیے۔اس کے علاوہ محکمہ اینیمل ہسبنڈر ی اور محکمہ صحت کے افسران کو پولٹری فارمس پر جاکر مرغیوں کی صحت کے تعلق سے جانچ کرنی چاہیے۔‘‘
ڈی سی نے مزید بتایا کہ برڈ فلو ایک وائرل بیماری ہے جس سے بچے اور بڑی عمر کے افراد جلد متاثر ہوتے ہیں۔ سردی، بخار ، بدن درد، سانس میں تکلیف جیسی علامات والے اس مرض سے بچنے کے لئے مرغیوں او رانڈوں کو پوری طرح پکانے کے بعد ہی کھانا چاہیے۔آپسی دوری بنائے رکھنا، ماسک پہننا اور سینی ٹائزیشن کا استعمال بھی ضروری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح طور پر کہا کہ عوام کو سوشیل میڈیا پر پھیلائی جارہی خبروں پر اعتماد نہیں کرناچاہیے۔ضلع کے اڈپی میں دوسرے اضلاع سے مرغیاں نہیں لائی جارہی ہیں۔اس لئے اگر کوئی مرغیاں کھانا چاہتا ہے تو اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ریاست کے دیگر مقامات کے لئے مرغیاں لے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے ، البتہ جب ایسی گاڑیاں وہاں سے واپس لوٹتی ہیں تو پھر ان کو صحیح ڈھنگ سے سینی ٹائز کرنے کے علاوہ گاڑی کےڈرائیوراور دوسرے اسٹاف کی صحت کے تعلق سے معائنہ بھی کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگرضلع میں کہیں بھی مرغیاں یا پرندے مشکوک حالت میں مردہ پائے جائیں تو اس نمبر 0820-2534024پر کنٹرول روم کو کال کرکے اطلاع دی جائے۔