منگلورو 9؍مارچ (ایس او نیوز) منگلورو پولیس کے اینٹی کرپشن بیوریونے محکمہ آبکاری (ایکسائز) کے ڈپٹی کمشنر ونود کمار کی اڈپی اور منگلورو میں واقع رہائش گاہوں اور ان کے دفتر پر چھاپہ مارااور کچھ نقدی کے ساتھ اہم دستاویزات ضبط کیے جانے کی اطلاع ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اڈپی میں درج ایک شکایت کی بنیاد پر اے سی بی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی قیادت میں ڈی وائی ایس کے ٹھکانوں کے علاوہ بیندور میں واقع ان کی سسرال اوران کے ڈرائیور کے گھر پر بھی بیک وقت چھاپے مارے گئے تھے۔یہ بھی پتہ چلاہے کہ منگلورو، دھارواڑ،بیلگام اور گنگاوتی میں موجود محکمہ آبکاری کے دفاتر پر بھی بیک وقت چھاپے مارے گئے تھے۔
بتایاجاتا ہے کہ گنگاوتی میں اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئروجیا کمار، کاڈور میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر آف اگریکلچر، کولار کے مولباگل میں اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر، وغیرہ کی رہائش گاہوں کے علاوہ دریائے کرشنا کے بالائی کنارے کے منصوبے کے تحویل اراضی ا فسر کے دفتر ورہائش پر بھی اے سی بی کی ٹیم نے چھاپے مارے ہیں۔ان تمام مقامات پر ضبط کیے گئے دستاویزات کی جانچ پڑتال جاری ہے۔