دہرادون،25دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اٹل آیوشمان اتراکھنڈ منصوبہ کے تحت تمام باشندگان ریاست کو مفت طبی تحفظ فراہم کرنے والا اتراکھنڈ ملک کا پہلا صوبہ ہوگا ۔ یہ منصوبہ ریاست میں آج سے نافذ ہو رہا ہے۔ اتراکھنڈ کو الگ ریاست کا درجہ دلوانے میں خصوصی کردار ادا کرنے والے آنجہانی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی پیدائش دن 25 دسمبر کو شروع کئے جارہے اس منصوبہ کے تحت فی خاندان ہر سال پانچ لاکھ روپے کے مفت علاج کی سہولت ملے گی۔ یہاں جاری ایک سرکاری ریلیز کے مطابق، اٹل آیوشمان اتراکھنڈ منصوبہ وزیر اعلی ترویندر سنگھ راوت کی اولین ترجیح والا منصوبہ ہے اور ان کی ہدایات پر ریاست کے تمام لوگوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام ہوم ورک کرتے ہوئے منصوبہ کا خاکہ تیار کیا گیا ہے ۔ ہندوستان کی اقتصادی سماجی اور نسلی مردم شماری 2011 میں منتخب تقریبا 10 کروڑ خاندانوں کو طبی تحفظ فراہم کرنے کے تئیں بھارتی حکومت کی طرف سے آیوشمان بھارت وزیر اعظم عوامی صحت منصوبہ کا آغاز کیا گیا تھا ۔ اس اسکیم کے تحت اتراکھنڈ کے تقریبا 5.37 لاکھ خاندانوں کو نشان زدکیا گیا جنہیں فی خاندان پانچ لاکھ روپے تک فی سال مفت طبی سہولت اور علاج دینے کاہدف ہے ۔ وزیر اعلی راوت کی ہدایت پر آیوشمان بھارت منصوبہ کے دائرے کو بڑھاتے ہوئے اتراکھنڈ حکومت کی طرف سے اٹل آیوشمان اتراکھنڈ منصوبہ کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں ریاست کے تمام خاندانوں کو سالانہ پانچ لاکھ روپے تک کی طبی سہولت دستیاب کرائی جائے گی۔ اس طرح اتراکھنڈ کے تقریبا 23 لاکھ خاندانوں کو مفت طبی سہولت حاصل ہو سکے گی۔ یہ سہولیت ریاست کے سرکاری اسپتالوں اور رجسٹر ڈ نجی اسپتالوں میں دی جائے گی۔ ہنگامی صورت حال میں درج ذاتی اسپتالوں میں علاج کے لیے براہ راست بھرتی ہونے پر یہ سہولت ملے گی؛ لیکن دوسرے معاملات میں سرکاری کلینک سے ریفرکرنے کی بنیاد پر نجی اسپتالوں سے علاج کے لیے یہ سہولت دستیاب ہوگی۔ اٹل آیوشمان اتراکھنڈ منصوبہ کے آسانی سے انتظام و انصرام کے لیے حکومت کی طرف سے تمام سرکاری اسپتالوں کے ساتھ ساتھ نجی اسپتالوں کی فہرست مرتب کرنے کا کام کیا جارہا ہے ۔