ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اُڈپی ڈی سی اور اے سی حملہ میں ملوث کسی بھی شخص کوبخشا نہیں جائے گا، ایڈیشنل آئی جی پی الوک موہن کی یقین دھانی

اُڈپی ڈی سی اور اے سی حملہ میں ملوث کسی بھی شخص کوبخشا نہیں جائے گا، ایڈیشنل آئی جی پی الوک موہن کی یقین دھانی

Tue, 04 Apr 2017 21:30:12    S.O. News Service

اُڈپی:4/اپریل(ایس اؤنیوز)شعبہ قانون اور انتظامات کے ایڈیشنل آئی جی پی الوک موہن نے اُڈپی کا دورہ کرتے ہوئے ریت مافیا کی جانب سے اُڈپی ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ  کمشنر  پر ہوئے حملہ کو سنگین مانتے ہوئے اس معاملے کی بہت ہی سنجیدگی کی ساتھ جانچ کئے جانے کا یقین دلایا اور کہا کہ  تمام ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریت مافیا ، جوا، مٹکا سمیت ہر طرح کے منظم جرائم کے خلاف سخت کارروائی کئے جانے کا بھی تیقن دیا۔

ضلع پولس ایس پی دفتر میں  ضلع کے جرائم اور قانونی نظام کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس میں وہ بات کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ڈپٹی کمشنر ضلع کی حاکم ہیں وہ کسی بھی وقت کسی بھی جگہ کا دورہ کرسکتی ہیں، وہاں کیا کچھ ہورہاہے اس کی جانچ کرنے اور معائنہ کرنے کا انہیں اختیار ہے، مصدقہ اطلاع پر انہوں نے ریت مافیا اڈوں پر چھاپہ ماراہے، یہ ان کا روٹین کام ہے۔ ایس پی کو اطلاع دئیے بغیر چھاپہ ماری کرنے کے فیصلہ پر پوچھے گئے سوال پر ایڈیشنل آئی جی پی نے کہاکہ انہیں اس کا اختیارہے کہ وہ کسی کو بھی خبر دئے بغیر چھاپہ مارسکتی ہیں،  لیکن اگر ڈی سی پریانکا فرانسس ایس پی کو اطلاع دے کر منصوبہ بند طریقے سے چھاپہ ماری کرتیں تو ملزمین کو سبق سکھایاجاسکتاتھا۔ انہوں نے  ریت مافیا کے خلاف کٹھن کارروائی کے لئے دستہ تشکیل دے کر متحرک طورپر کام کرنے کی بات کہی۔ منظم جرائم میں ملوث کوئی بھی ہو اس کے خلاف سخت کارروائی کئے جانے کا انتباہ دیا۔ حتی ٰ کہ جوا اور مٹکا دھندے میں شامل افراد کے خلاف غنڈہ ایکٹ جاری کرنے کی اطلاع دی۔ اس موقع پر ڈی سی پریانکا فرانسس ، ضلع ایس پی کے ٹی بال کرشنا، ایڈیشنل ایس پی ، این وشنو وردھن وغیرہ موجود تھے۔


Share: