ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اُڈپی میں ڈی سی اور اے سی پر حملہ کے خلاف سرکاری ملازمین کا احتجاج : سخت کارروائی کا مطالبہ

اُڈپی میں ڈی سی اور اے سی پر حملہ کے خلاف سرکاری ملازمین کا احتجاج : سخت کارروائی کا مطالبہ

Tue, 04 Apr 2017 21:11:09    S.O. News Service

اُڈپی:4/اپریل(ایس اؤنیوز)ضلع ڈپٹی کمشنر پریانکا میری فرانسس اور کنداپور کی اسسٹنٹ کمشنر شلپا ناگ اور دیگر سرکاری ملازمین پر ریت مافیا کے غنڈوں کے حملے کی مذمت اورمحکمہ کے افسران کو تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ تحصیل کے ملازمین اور ضلع سرکاری ملازمین سنگھا کے ممبران نے ڈیوٹی سے غیر حاضر ہوتے ہوئے  منی پال میں موجود ڈی سی دفتر کے سامنے ایک روزہ عام احتجاج کیا۔

سنگھا کے ضلعی صدر سبرامنیا شریگار نے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم سرکاری ملازمین پر حملہ کی کڑی مذمت کرتے ہیں، جن افسران کو زیادہ سکیورٹی دی گئی ہے انہی پر جب اس طرح کا حملہ کیا جاتاہے تو دیگر سرکاری ملازمین کا کیا حشر ہوگا، یہ سوچنے کا مقام ہے۔ اس طرح کا حملہ  ضلع کے لئے  بدنما داغ ہے، آگے اس طرح کے معاملات دہرائے نہیں جانے چاہئے، جس کے لئے سخت اقدامات کرنے ضروری ہیں۔ احتجاجیوں نے حقیقی ملزمان کو فوری پتہ لگاکر انہیں گرفتار کرنے کی مانگ کی۔ اُڈپی سرکاری پی یوکالج کی لکچرر سوما ، سابق ضلع پنچایت سی ای اؤ پربھاکر شرما، ولیج اکاؤنٹنٹس نیتا، میگھنا وغیرہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کو متحد ہوکر شیطانی قوتوں کو واضح پیغام دینا چاہئے، انہوںنے متحدہ جدوجہد سے ڈی سی کے اعتماد میں اضافہ کرنے کی بات کہی۔ احتجاجیوں سے ضلع پنچایت صدر دینکر بابو، نائب صدر شیلا شٹی ، ممبران جناردھن تونسے ، اُدئیے کوٹیان نے تاثرات بیان کرتے ہوئے احتجاج کی حمایت کی۔ اس موقع پر مختلف محکمہ جات کے افسران ، عملہ، سنگھا کے عہدیداران وغیرہ موجود تھے۔

32محکمہ جات کے 2،000سے زائد سرکاری ملازمین کی شرکت

ایک روزہ عام احتجاج میں اُڈپی ضلع کے کنداپور، اُڈپی ، کارکلا تعلقہ جات کے 32محکمہ جات کے 2000سے زائد سرکاری ملازمین نے شرکت کرتے ہوئے ڈی سی کی بھرپور حمایت کی۔ ضلع سرکاری ملازمین سنگھ میں 7،500ممبران ہیں، تمام ممبران نے ڈیوٹی سے چھٹی لے کر احتجاج کی حمایت کی ہے، جس میں سے 2000سے زائد ممبران بنفس نفیس احتجا ج میں شرکت کرتے ہوئے ہماری زبردست تائید کرنے کی بات ضلعی صدر سبرامنیا سریگار نے کہی۔ احتجاجیوں نے سر کار پر دباؤڈالا کہ جنہوں نے بھی یہ کارستانی کی ہے ان سب کو گرفتارکیا جائے اور ریت مافیا میں ملوث تمام کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس سلسلے میں کل ضلع ایس پی کو میمورنڈم بھی دیا گیا تھا۔

udp-bund-5.jpg


Share: