بھٹکل 27/مارچ (ایس او نیوز) ملک میں پھلی ہوئی کورونا وائرس کی بیماری پر قابو پانے کے لئے سرکاری سطح پر جو اقدامات کیے جار ہے ہیں اس کے تحت ضلع ڈپٹی کمشنروں کو خصوصی اختیارات حاصل ہیں۔اور حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضروری احکام جاری کیے جاتے ہیں۔
ضلع شمالی کینرا کے ڈپٹی کمشنراور ڈِسیاسٹرمنیجمنٹ اتھاریٹی چیرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر ہریش کمارنے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بھٹکل میں ’ہیلتھ ایمرجنسی‘ لاگو کردی ہے۔
ڈی سی نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ڈِسیاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2005کی دفعہ 34کے بھٹکل بلدیہ (ٹی ایم سی)، جالی ٹاؤن پنچایت،شیرالی گرام پنچایت، ہیبلے گرام پنچایت،ماوین کوروے گرام پنچایت،منڈلی گرام پنچایت، ایلوڈی کووورگرام پنچایت کے حدود میں ’ہیلتھ ایمرجنسی‘ نافذ کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بیماری کو عالمی ادارہ صحت (WHO)نے’عالمی وباء‘ قرار دیا ہے۔ اس لئے اس پر قابوپانے اور اس خطرناک بیماری کو پورے ضلع میں پھیلنے سے روکنے کے لئے مکمل لاک ڈاؤن اور دیگر احتیاطی اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہوگیاہے۔
خیال رہے کہ اس دوران پورے شہر بھٹکل میں تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے گشتی موٹر گاڑیوں کے ذریعے عام اعلان نشر کیا جارہا ہے کہ تمام لوگ اپنے اپنے گھروں میں بند رہیں اور کسی بھی ضرورت کے لئے کسی بھی حالت میں گھر سے باہر نہ نکلیں، ورنہ ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے یہ بھی درخواست کی جارہی ہے کہ کسی ایمرجنسی ضرورت کی صورت میں تعلقہ انتظامیہ کی ہیلپ لائن نمبر 104 پر رابطہ قائم کریں۔