نئی دہلی،19؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان میں بھلے ہی کورونا انفیکشن کا معاملہ لگاتار بڑھ رہا ہے، لیکن راجدھانی دہلی میں اس وائرس پر کافی کنٹرول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انتظامیہ نے اب ہوٹل اور بازاروں کو کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی میٹنگ میں بدھ کے روز فیصلہ لیا گیا کہ ہوٹل اور ہفتہ واری مارکیٹ کو کھولنے کی اجازت دی جانی چاہیے تاکہ اس شعبہ سے جڑے لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں۔
ڈی ڈی ایم اے نے آج ہوئی میٹنگ میں یوگا سنٹر اور جِم کے تعلق سے بھی فیصلہ لیا، لیکن کہا کہ فی الحال اس کو بند ہی رکھا جائے گا تاکہ کورونا انفیکشن پر جو کنٹرول ہوا ہے، اس پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔ ہفتہ واری بازار کھولے جانے کے تعلق سے ڈی ڈی ایم اے نے کہا کہ یہ اجازت ٹرائل کے طور پر دیا جا رہا ہے اور اگر کورونا پر کنٹرول برقرار رہا تو اس سلسلے میں مزید راحت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ دہلی حکومت کے ذریعہ ہوٹل، ہفتہ واری بازار اور جِم کھولنے کی اجازت دیئے جانے کے باوجود ریاستوں کو اپنی سطح پر فیصلہ لینے کی اجازت دی گئی تھی۔ جن ریاستوں میں کورونا انفیکشن لگاتار بڑھ رہے ہیں، وہاں کئی طرح کی پابندیاں اب بھی لگی ہوئی ہیں۔ دہلی بھی ان ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں اب تک ہوٹل، ہفتہ واری بازار اور جِم کھولنے پر پابندی لگی ہوئی تھی، لیکن آج ہوٹل اور ہفتہ واری بازار سے پابندی ہٹا لی گئی ہے۔